دنیا کا سب سے وزنی اور بڑا ہتھوڑا بنتے ہی چوری ہوگیا

ویب ڈیسک  اتوار 14 اکتوبر 2018
ہتھوڑا 20 فٹ لمبا اور 6 فٹ اونچا ہے (فوٹو : فیس بک)

ہتھوڑا 20 فٹ لمبا اور 6 فٹ اونچا ہے (فوٹو : فیس بک)

کیلیفورنیا: امریکا میں ایک آرٹسٹ نے دنیا کا سب سے وزنی، طویل اور اونچا ہتھوڑا بنایا ہے جسے تکمیل کے اگلے ہی روز چوری کرلیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کیلی فورنیا میں ایک فنکار نے انتھک محنت کے بعد ایک ایسا شاہکار بنایا تھا جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لیے پیش کیا جاسکتا تھا۔

آرٹسٹ ڈووج یُنکری نے برسوں کی محنت کے بعد لوہے اور لکڑی کا استعمال کرتے ہوئے 21 فٹ طویل اور 6 فٹ اونچا ہتھوڑا تیار کیا تھا۔ 1 ہزار پاؤنڈ وزنی ہتھوڑے کی تیاری کے لیے انہیں 15 ہزار امریکی ڈالر کا قرضہ بھی لینا پڑا تھا۔

فنکار نے عظیم الحبثہ ہتھوڑے کی تیاری کے لیے 8 معاون کاریگر بھی رکھے تھے جنہوں نے ڈووج کی سربراہی میں شاہکار کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے شب و روز محنت کی۔

ڈووج ینکری کا کہنا تھا کہ منفرد اور اچھوتے خیالوں کو حقیقت میں تبدیل کرنا مسرت آمیز تجربہ ہوتا ہے اور اس ایک لمحے کے حصول کے لیے برسوں محنت کرنا پڑتی ہے۔

آرٹسٹ کی خوشی اس وقت ماند پڑگئی جب اس عظیم الحبثہ ہتھوڑے کو چوری کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہتھوڑے کو معاون کاریگروں نے چرایا ہوگا۔ پولیس جلد ملزمان تک پہنچ جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔