اوگرا نے گیس کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھا دیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اکتوبر 2018
حکومت کو ریونیو تو مل جائے گا لیکن عوام پر مزید مالی بوجھ پڑ جائے گا۔ فوٹو: فائل

حکومت کو ریونیو تو مل جائے گا لیکن عوام پر مزید مالی بوجھ پڑ جائے گا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: اوگرا نے گیس کی قیمتیں 143 فیصد تک بڑھانے کے بعد اب گیس کے فکسڈ چارجز میں بھی 300 فیصد اضافہ کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ترمیمی بل کے ذریعے گیس کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار اضافہ کردیا ہے۔

چند روز قبل ہی ملک بھر میں گیس 143 فیصد تک مہنگی کی گئی ہے لیکن آج گیس کے فکسڈ چارجز میں 300 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت ترمیمی بل کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق مختلف کیٹگری کے گیس صارفین کے لیے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز 3 ہزار 600 روپے یعنی 300 فیصد تک بڑھا دیے گیے ہیں۔ یہ اضافہ سرکاری دفاتر، اسپتالوں، مسلح افواج کے میس اور تعلیمی اداروں، رہائشی کالونیوں، کیپٹو پاور پلانٹس سمیت فلاحی اداروں کے لیے کیا گیا ہے۔

کمرشل صارفین، ہوٹلوں اور تجارتی مراکز کے لیے گیس کے ماہانہ فکسڈ چارجز 1 ہزار 53 روپے سے بڑھا کر 4 ہزار 680 روپے کر دیے گئے ہیں جب کہ آئس فیکٹریوں کے لیے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز ایک ہزار 225 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار 880 روپے مقرر کردیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔