کراچی میں لڑکی چلتی ٹیکسی سے کود گئی، ڈرائیور پر ہراسانی کا الزام

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اکتوبر 2018

کراچی: کالا پل کے قریب لڑکی نے ڈرائیور پر ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے چلتی ٹیکسی سے چھلانگ لگا دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کالا پل گورا قبرستان کے قریب لڑکی نے چلتی ٹیکسی سے چھلانگ لگادی، تاہم روڈ پر گرنے اور گاڑیوں کے ہجوم کے باوجود خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

شہریوں نے ٹیکسی ڈرائیور کو پکڑ کر زدوکوب کیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ متاثرہ لڑکی نے پولیس کو شکایت درج کرادی تاہم ایف آئی آر درج نہیں کرائی۔

لڑکی نے الزام عائد کیا کہ  آن لائن سروس کی گاڑی کا ڈرائیور مجھے شیشے سے گھور رہا تھا، جب مجھے شک ہوا تو میں چلتی کار سے کود گئی۔

پولیس کے مطابق لڑکی نے گھبراہٹ کا شکار ہوکر چلتی ٹیکسی سے چھلانگ لگائی جب کہ ڈرائیور نے بتایا کہ  لڑکی نے گاڑی بک کرانے کے بعد اپنے ڈراپ کا مقام (منزل) تبدیل کی، تاہم مزید تفتیش میں پتہ چلے گا کہ واقعے کی وجوہات کیا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔