انو ملک جنسی ہراسانی کا الزام لگنے کے بعد انڈین آئیڈل سے باہر

ویب ڈیسک  اتوار 21 اکتوبر 2018
انوملک گزشتہ 10 سیزن سے انڈین آئیڈل میں جج کے فرائض انجام دیتے آرہے ہیں فوٹو:فائل

انوملک گزشتہ 10 سیزن سے انڈین آئیڈل میں جج کے فرائض انجام دیتے آرہے ہیں فوٹو:فائل

ممبئی: نامور بھارتی موسیقار انوملک مختلف خواتین کی جانب سے لگائے جانے والے جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد انڈین آئیڈل سے باہر ہوگئے۔

میوزک ڈائریکٹر انو ملک بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین رئیلٹی شو’’انڈین آئیڈل‘‘ میں گزشتہ 10 سیزن سے جج کے فرائض انجام دیتے آرہے ہیں۔ ان کا شمارشو کے مقبول ترین ججز میں ہوتا ہے۔ انوملک انڈین آئیڈل سیزن 10 میں بھی جج کے فرائض انجام دے رہے تھے، تاہم جنسی ہراسانی کے الزامات لگنے کے بعد وہ اس ذمہ داری سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔

انوملک نے انڈین آئیڈل چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ’’میں نے انڈین آئیڈل سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اس شوکی وجہ سے میں اپنے کام اور میوزک پر توجہ نہیں دے پارہا تھا۔‘‘

اس خبرکوبھی پڑھیں:  انو ملک پر بھی جنسی ہراسانی کا الزام

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوملک نے کام کی وجہ سے شو نہیں چھوڑا بلکہ چینل انتظامیہ انوملک پر لگائے جانے والے جنسی ہراسانی کے الزامات کو کافی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور گزشتہ رات ہونے والی میٹنگ میں انتظامیہ نے انوملک کو شو سے فارغ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ انوملک پر گلوکارہ شوئیتا پنڈت اورسونا موہا پاترا سمیت انڈین آئیڈل سے منسلک دیگر خواتین نے جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔