تحریک انصاف کی حکومت میں تبدیلی صرف قیمتوں میں آئی ہے، سراج الحق

ویب ڈیسک  پير 22 اکتوبر 2018
پہلے 60 روز میں حکومت کی کارکردگی مایوس کن رہی، امیر جماعت اسلامی پاکستان فوٹو:فائل

پہلے 60 روز میں حکومت کی کارکردگی مایوس کن رہی، امیر جماعت اسلامی پاکستان فوٹو:فائل

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں تبدیلی صرف قیمتوں میں آئی ہے۔

کوئٹہ میں پریس بریفنگ کے دوران امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ پہلے 60 روز میں حکومت کی کارکردگی مایوس کن رہی، مہنگائی سے لوگ بے حد پریشان ہیں، تبدیلی صرف قیمتوں میں آئی ہے، چہرے بدلے ہیں پر نظام نہیں، 25 جولائی کو انتخابات اگر شفاف ہوتے تو نتائج کچھ اور ہوتے، آئی ایم ایف کے پاس جانے سے ہماری آئندہ نسلیں قرضے کے ہمالیہ کے نیچے دب جائیں گی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا بلوچستان کی صورتحال کے بارے میں کہنا تھا کہ گیس بلوچستان سے نکلتی ہے لیکن 99 فیصد صوبہ اس سے محروم ہے، حکومتی سروے کے مطابق سب سے زیادہ گھوسٹ اسکول اور اساتذہ بھی یہاں ہیں، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق 66 فیصد کرپشن اسی صوبے میں ہے، بلوچستان میں صرف 23 فیصد لوگوں کو پانی دستیاب ہے، جبکہ حکومتی سروے کے مطابق 64 فیصد لوگ ناخواندہ ہیں، غذائی قلت کے باعث سب سے زیادہ بچوں کی اموات اسی صوبے میں ہوتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔