رپورٹ ورلڈ کپ 2015 کو پیش نظر رکھ کر دوں گا واٹمور

ہیڈ کوچ، ناصر جمشید، کامران، سعید، عرفان، احسان، عمران اور وہاب کی واپسی


Sports Reporter June 19, 2013
ہیڈ کوچ، ناصر جمشید، کامران، سعید، عرفان، احسان، عمران اور وہاب کی واپسی۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے 7 کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے۔

ہیڈ کوچ ڈیوواٹمور، ناصر جمشید، کامران اکمل، سعیداجمل، محمد عرفان، احسان عادل، عمران فرحت اوروہاب ریاض منگل کی صبح انگلینڈ سے براستہ دبئی لاہورپہنچے تو ایئر پورٹ پر پولیس اور پی سی بی کے عہدیداروں نے حصار میں لے لیا، کھلاڑیوں نے میڈیا کیساتھ بات چیت سے گریز کیا، تاہم کوچ ڈیو واٹمور نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ بطور ٹیم ہماری کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی، پاکستان کے عوام ہم سے بہتر کھیل کی آس لگائے بیٹھے تھے، تاہم نتائج سخت مایوس کن رہے۔



انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش میں کوئی کمی نہیں تھی مگر بدقسمتی سے ہم تینوں میچز میں ہی اچھا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ سلیکشن کے معاملات سلیکٹرز ہی بتا سکتے ہیں، مگر میں اپنی تحریری اور زبانی رپورٹ ورلڈ کپ 2015 کو پیش نظر رکھ کر دوں گا، تبدیلیوں کا فیصلہ آئندہ میگا ایونٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی کرنا ہوگا، پاکستان کی اگلی مصروفیت دورہ ویسٹ انڈیز ہے جس میں میزبان ٹیم کیخلاف 5 ون ڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچ شیڈول کیے گئے ہیں، یاد رہے کہ اسد شفیق پاکستان آنے والے قومی ٹیم کے پہلے کھلاڑی تھے، 7 کی گذشتہ روز آمد ہوئی جبکہ کپتان مصباح ، حفیظ، شعیب ملک اور دیگر ابھی تک انگلینڈ میں ہی موجود ہیں۔

مقبول خبریں