فیفا ورلڈ کپ 2014 ایران جنوبی کوریا اور آسٹریلیا کو برازیل کا ٹکٹ مل گیا

قطر کیخلاف 5-1 کے بڑے مارجن سے کامیابی کے باوجود ازبکستان براہ راست میگا ایونٹ میں نہیں پہنچ پایا.


AFP June 19, 2013
ورلڈ کپ 2014ایشین کوالیفائر میںمیزبان جنوبی کوریا کو شکست دینے پر ایرانی فٹبالر ز اپنا قومی پرچم تھامے میدان کا چکر لگا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

TRIPOLI: ایران، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا نے فیفا ورلڈ کپ 2014 کیلیے برازیل جانے کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔

چوتھے کوالیفائنگ راؤنڈ کے اختتامی میچز میں آسٹریلیا نے ہوم گراؤنڈ پر عراق کو اختتامی منٹوں میں جوش کینیڈی کے فیصلہ کن گول کی بدولت مات دی، 80 ہزار شائقین کے سامنے آسٹریلیا کو فتح پانے میں خاصی جدوجہد کرنا پڑی، جاپان پہلے ہی گروپ'بی' سے میگا ایونٹ میں پہنچ چکا ہے، اس نتیجے کے بعد آسٹریلیا 13 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن لیکر براہ راست ورلڈ کپ فائنلز میں شامل ہوگیا، ایران نے جنوبی کوریا کیخلاف1-0 سے کامیابی حاصل کی ، گروپ 'اے ' کے دوسرے مقابلے میں ازبکستان نے قطر کو 5-1 کے بڑے مارجن سے شکست دی لیکن جنوبی کوریا ناکامی کے باوجود بہتر گول اوسط کی بنیاد پر میگا ایونٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشین جائنٹس ایران، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا نے بھی 2014 ورلڈ کپ کیلیے ایشیا سے باقی ماندہ تین براہ راست نشستیں اپنے نام کرلیں، ازبکستان کی ٹیم قطر کیخلاف بڑے مارجن سے فتح کے باوجود ابتدائی چار ٹیموں میں جگہ نہیں بناسکی، سڈنی میں عراق کیخلاف گروپ 'بی ' کے ایشین کوالیفائر میں میزبان ٹیم کو برتری پانے کیلیے 83منٹ تک انتظار کرنا پڑا، فیصلہ کن گول متبادل اسٹرائیکر جوش کینیڈی نے بنایا، آسٹریلیا لگاتار تیسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنلز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا، ایران نے گروپ ' اے ' کوالیفائر میں میزبان جنوبی کوریا کو 1-0 سے مات دیکر میگا ایونٹ میں رسائی کا پروانہ حاصل کیا، میچ میں شکست کے باوجود جنوبی کوریا کی پیشقدمی کا انحصار تاشقند میں ازبکستان اور قطر کے میچ کے نتیجے پر تھا، اگرچہ ازبک ٹیم نے خلیجی ریاست کیخلاف 5-1 سے فتح حاصل کی لیکن جنوبی کوریا بہترگول اوسط کی بنیاد پر ان سے آگے بڑھ گیا۔



جنوبی کوریا اور ازبکستان کے پوائنٹس یکساں طور پر 14،14 رہے تاہم کورین سائیڈ نے حریف ٹیموں کیخلاف 13 گول کیے اور ان کیخلاف 7 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی جاسکے، اس کے برعکس ازبک ٹیم نے 11 گول بنائے اور 6 کھائے ، اس طرح محض معمولی فرق سے ازبک ٹیم اس دوڑ میں پیچھے رہ گئی، جاپان دو ہفتے قبل ہی ایشیا سے کوالیفائی کرجانے والی پہلی ٹیم کا اعزاز پاچکا ہے، جاپانی ٹیم سردست برازیل میں جاری کنفیڈریشنز کپ میں شریک ہے، السان میں ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ میں تناؤ عروج پر رہا، دونوں جانب سے زبانی طورپر غصہ کا اظہار ٹی وی اسکرینوں پر بھی نظر آیا، پہلے ہاف میں چھائے رہنے والی جنوبی کورین ٹیم کو ایرانی پلیئرز نے گول اسکور کرنے کے واضح مواقع نہیں دیے۔

دوسرے ہاف میں ایرانی ٹیم زیادہ جوش اور جذبے کے ساتھ کھیل میں واپس آئی اور کھیل کے 59ویں منٹ میں کم یونگ گوان کی غلطی پر رضا گوچان نژاد نے گیند کو جال میں پہنچادیا، جنوبی کورین دفاعی کھلاڑی کم گیند کو کلیئر کرنے کا آسان موقع کھوبیٹھے اور ٹچ لائن سے گیند رضا نے اچک لی،جہاں سے انھوں نے بائیں پاؤں کے شوٹ سے حریف گول کیپر جونگ سنگ رے یونگ کو چکمہ دے ڈالا، جنوبی کوریا نے مقابلہ برابر کرنے کیلیے بہت سی کوششیں کیں ،کم یونگ گوان کو اپنی غلطی سدھارنے کا موقع بھی ملا لیکن اختتام پر ان کا لگایا ہوا ہیڈر نشانے پر نہیں جاسکا، انجری ٹائم میں لی کیون ہو بھی ایرانی حساب چکتا کرنے میں ناکام رہے، جنوبی کورین ٹیم نویں مرتبہ ورلڈ کپ فائنلز تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ تاشقند میں میزبان ازبکستان نے قطر پر 5-1 سے ہاتھ صاف کیا۔

ازبک اسٹرائیکر بہادر نسیموف نے 60 اور 74ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھائی، 72ویں منٹ میں اولیگ زوٹیف نے خلیجی ٹیم کے دفاعی حصار کو توڑتے ہوئے گول بنایا جبکہ عادل احمدوف نے ٹیم کا چوتھا گول داغا ، میزبان سائیڈ کا پانچواں گول اختتامی لمحات میں اولیگ بیک نے اسکور کیا، قطر نے حیران کن طور پر کھیل کے 37ویں منٹ میں عبدالقادر الیاس کی بدولت برتری حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد ازبک ٹیم مکمل طور پر ان پر حاوی رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں