کنفیڈریشنز کپ نائیجیریا نے تاھیتی کو 61 سے فٹبال کا سبق پڑھادیا

افریقی چیمپئن سائیڈ نے بونس نہ ملنے کا غصہ اورسفر کی تھکان حریف ٹیم پر اتاردی، نومادی نے ہیٹ ٹرک بنائی.


AFP June 19, 2013
مختلف شہروں میں فٹبال ایونٹس پر عوامی رقم خرچ کیے جانے پر مظاہرے،ساؤ پاؤلو میں 30 ہزار افراد کا احتجاجی مارچ۔ فوٹو: فائل

کنفیڈریشنز کپ میں افریقی چیمپئن نائیجیریا نے تاھیتی کو 6-1 سے مات دیکر فٹبال کا سبق پڑھادیا۔

نومادی اڈیومیڈی نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا، پیر کی شب بیلوہوریزونٹی میں ایونٹ کا پہلا میچ کھیلاگیا، میچ سے 36 گھنٹے قبل برازیل پہنچنے والی نائیجیرین سائیڈ نے اپنے سفر کی ساری تھکان اوشیانا کپ سے آنے والی تاھیتی پر اتاردی، ایونٹ کیلیے برازیل آنے سے قبل نائیجیرین پلیئرز کو بونس کے معاملے پر اپنے ملکی فٹبال حکام سے بھی اختلاف رہا تھا، تاہم انھوں نے گروپ ' بی ' میں اپنے سفر کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے بڑے مارجن سے جیت حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن لے لی۔

ورلڈ چیمپئن اسپین نے اگرچہ یوروگوئے کیخلاف بھی اپنا ابتدائی میچ جیتا لیکن ان کی جیت کا اسکور 2-1 تھا، لہذا بہتر گول اوسط پر فی الوقت نائیجیریا ان سے آگے بڑھ گیا ہے، تاھیتی کا واحد گول جوناتھن تیہاؤ نے ہیڈر کے ذریعے بنایا لیکن اوشیانا چیمپئن کے پاس نائیجیریا حملوں کا کوئی توڑ نظر نہیں آیا، افریقی چیمپئن سائیڈ نے آزادانہ ان کے گول پوسٹ پر حملے کرتے ہوئے یکے بعد دیگر پانچ گول داغے، جوناتھن نے تاھیتی کا واحد گول دوسرے ہاف کے شروع میں بناکر مقابلہ 3-1 کیا لیکن اس کے جواب میں افریقی ٹیم نے مزید دوگول اسکور کیے جبکہ نائیجیریا کا چھٹا گول جوناتھن تیہاؤ کی غلطی سے ملا جو اون گول ثابت ہوا۔



تزئین و آرائش کیے جانے والے ایسٹاڈیو مینیریو اسٹیڈیم میں اس مقابلے کو دیکھنے کیلیے 20187 شائقین نے ٹکٹ خریدے، تاھیتی ٹیم کے واحد پروفیشنل پلیئر ماراما واہیرو نے مقامی ٹی وی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکست سے قطع نظر میں اپنی ٹیم پر فخر محسوس کررہا ہوں کیونکہ انھوں نے اختتام تک فائٹ کی۔دوسری جانب برازیل کے مختلف شہروں میں عوامی ٹیکس کی رقم کنفیڈریشنز کپ پر خرچ کیے جانے کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رہا، ملک کے اکنامک دارالخلافے ساؤ پاؤلو میں تقریباً 30 ہزار افراد نے شہر کی مرکزی شاہراہ پاؤلیسٹا ایونیو پر مارچ کیا۔

تاہم اس مرتبہ حکام نے مظاہرین پر کوئی تشدد نہیں کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ریو میں چھ ہزار مظاہرین نے مارچ کیا جبکہ منتظمین کا کہنا ہے کہ برازیلیا میں نیشنل کانگریس تک بھی پانچ ہزار افراد نے احتجاجی مارچ کیا ہے، اس کے علاوہ کنفیڈریشنز کپ کے دیگر میزبان شہروں بیلو ہوریزونٹی اور فورٹیلیزا ، سیلواڈور بھی مظاہرے ہوئے ہیں، قبل ازیں برازیل کے وزیر کھیل ایلڈو ریبیلو نے خبردار کیا تھا کہ حکام کسی بھی کو جاری کنفیڈریشنز کپ اور آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کی میزبانی میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔