آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

ویب ڈیسک  جمعرات 1 نومبر 2018
اپیل قاری سلام نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق اور غلام مصطفی چوہدری کی وساطت سے دائر کی ہے، فوٹو: فائل

اپیل قاری سلام نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق اور غلام مصطفی چوہدری کی وساطت سے دائر کی ہے، فوٹو: فائل

 لاہور: آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اپیل دائر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق توہین رسالتﷺ کے الزام میں بری ہونے والی آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے شہری قاری سلام نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق اور غلام مصطفی چوہدری کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو بری کردیا

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آسیہ بی بی نے تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا اس کے باوجود ملزمہ کو بری کردیا گیا، اپیل میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ آسیہ بی بی سے متعلق بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور نظر ثانی اپیل کے فیصلے تک  آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے توہین رسالتﷺ کیس میں آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے بری کرنے کا حکم دیا تھا۔

آسیہ بی بی پرالزام تھا کہ انہوں نے جون 2009ء میں ایک خاتون سے جھگڑے کے دوران نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی شان میں توہین آمیز جملے استعمال کیے تھے۔

آسیہ بی بی کو توہین رسالتﷺ کے الزام میں 2010ء میں لاہور کی ماتحت عدالت نے سزائے موت سنائی تھی، لاہور ہائی کورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔