تحریک لبیک کا حکومت سے معاہدے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 2 نومبر 2018
30 اکتوبر اور اس کے بعد ہونے والے گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے گا (فوٹو:ایکسپریس)

30 اکتوبر اور اس کے بعد ہونے والے گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے گا (فوٹو:ایکسپریس)

 اسلام آباد: حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس میں طے پایا ہے کہ آسیہ مسیح کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی جب کہ تحریک لبیک آسیہ مسیح کیس میں قانونی راستہ اختیار کرے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت اور تحریک لبیک کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور معاہدہ بھی طے پا گیا ہے، وزارت مذہبی امور اور تحریک لبیک نے معاہدے کی تصدیق کر دی ہے اور دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کاپی میڈیا کو فراہم کردی گئی ہے۔

معاہدے کی شق نمبر 1 کے مطابق آسیہ مسیح کے مقدمے میں نظرثانی اپیل دائر کردی گئی ہے جو کہ مدعا علیہان کا قانونی حق و اختیار ہے جس پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

شق نمبر 2 میں تحریر ہے کہ آسیہ مسیح کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

شق نمبر 3 میں لکھا ہے کہ آسیہ مسیح کی بریت کے خلاف تحریک میں اگر کوئی شہادت ہوئی ہے تو اس کے بارے میں فوری قانونی  چارہ جوئی کی جائے گی۔

شق 4  کے مطابق آسیہ مسیح کی بریت کے خلاف 30 اکتوبر اور اس کے بعد گرفتار ہونے والے افراد کو فوری رہا کیا جائے گا جب کہ شق 5 میں تحریر ہے کہ مظاہروں اور دھرنوں کے دوران کسی کی دل آزاری یا تکلیف ہوئی ہے تو تحریک لبیک معذرت خوا ہے۔

تحریک لبیک کا ملک بھر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان

معاہدے کے بعد تحریک لبیک نے ملک بھر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد مختلف شہروں میں دھرنوں سے تحریک لبیک کے کارکنان اور لوگ منتشر ہونا شروع ہوگئے۔

تحریک لبیک کے امیر علامہ خادم حسین رضوی اور سرپرست اعلی پیر محمد افضل قادری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا جائے گا، آئندہ کوئی ایسی بات نہیں ہوگی جس میں ختم نبوت پر حملہ ہو، اگر آسیہ مسیح کو بیرون ملک بھیجا گیا تو اس وقت ہی جنگ شروع ہوجائے گی۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ اگر راستے میں کوئی بات ہوگی تو ہم سب یہاں واپس آجائیں گے، معاہدے کے مطابق جو لوگ بند ہیں ان کو فورا رہا کردیا جائے گا اگر کوئی مسلمان بھی رسول پاکؐ کی شان میں گستاخی کرے گا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔