ترکی میں اسلحے کے گودام میں دھماکا 4 فوجی ہلاک

دھماکا ایران سرحد کے قریب ترکی کے کرد اکثریتی سرحدی صوبے کے فوجی اسلحہ کے ڈپو میں ہوا


ویب ڈیسک November 11, 2018
دھماکا ایران سرحد سے متصل ترک سرحدی صوبے میں فوجی اسلحے کے ڈپو میں ہوا۔ فوٹو : فائل

ترکی میں اسلحے کے گودام میں ہونے والے زوردار دھماکے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں ترک فوج کے اسلحے کے ذخیرے میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 4 سپاہیوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

ترک صدر طیب اردگان نے فوجی اسلحہ ڈپو میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افسوسناک واقعے میں 4 فوجی جوان اپنے جانوں سے گئے اور 20 اہلکار زخمی ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ترک وزارت دفاع نے بتایا کہ دھماکا حادثاتی طور پر توپ کا گولہ گرنے سے ہوا اور اس واقعے میں دہشت گردی کا کوئی عنصر شامل نہیں ہے۔ مزید تفصیلات سے میڈیا کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔

دھماکے کی زد میں آنے والا اسلحہ ڈپو ایران اور عراق کے قریب کرد اکثریتی سرحدی صوبے ہاکاری میں واقع ہے جہاں ترک فوج اور کرد علیحدگی پسند ملیشیا کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کافی برسوں سے جاری ہے۔

ہاکاری صوبے میں امن عامہ کی صورت حال نہایت مخدوش رہی ہے اور اس علاقے میں اس سے قبل بھی کرد ملیشیا نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا تاہم یہ حادثہ جنگی مشق کا بھی نتیجہ ہوسکتا ہے۔

مقبول خبریں