مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے دوران نوجوان کا اغوا کے بعد بہیمانہ قتل

ویب ڈیسک  جمعـء 16 نومبر 2018
سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ فوٹو : فائل

سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں 18 سالہ نوجوان کو سادہ لباس میں ملبوس افراد نے اغوا کر کے بیدردی سے قتل کردیا۔

کشمیری میڈیا کے مطابق ضلع شوپیاں میں نامعلوم افراد نے ندیم منظور نامی 18 سالہ نوجوان کو گھر سے اغوا کیا تھا اور چند گھنٹوں بعد ہی نوجوان کی تشدد زدہ لاش ضلع پلوامہ کے علاقے سے مل گئی۔

قتل بعد از اغوا کی یہ واردات اس وقت کی گئی جب اس ضلع میں قابض بھارتی فوج سرچ آپریشن کر رہی تھی۔ داخلی اور خارجی راستوں پر فوجی دستے تعینات تھے اور گھر گھر تلاشی لی جارہی تھی۔

نوجوان کی تشدد زدہ لاش ضروری کارروائی کے بعد اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہے۔ اہل خانہ نے اپنے جگر گوشے کے اغوا اور قتل کا الزام بھارتی سیکیورٹی فورسز پر عائد کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ اس ظالمانہ عمل کو چھپانے کے لیے حیلے بہانوں کا سہارا لے رہی ہے، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو اغوا کاروں کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔