ریاست پر یتیموں اور عوام کی ضروریات پوری کرنا لازم ہے، صدر مملکت

ویب ڈیسک  بدھ 21 نومبر 2018

 اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ ریاست پر یتیموں کا خیال رکھنا اور عوام کی ضروریات پوری کرنا لازم ہے اور حکومت نے عوام کی ضرورت کو پورا کردیا تو سنت نبوی ﷺ پر عمل کیا۔

اسلام آباد میں بین الاقوامی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم رحم کرتے تھے لیکن آج کی دنیا میں رحم نظر نہیں آتا، حضور اکرم ﷺ کو پتھر مارا گیا تو انہوں نے معاف کردیا، موجودہ زمانے کے مسلمانوں میں درگزر نہیں، حضور اکرم ﷺ کے منہ سے کبھی لوگوں کو تکلیف پہنچانے والے الفاظ نہیں نکلے، نبی پاک ﷺ نے صلہ رحمی کا درس دیا، نبی ﷺ میں جتنا صبر اور درگزر تھا کاش مجھ میں بھی آجائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سورة الضحى کی آیت ہے ’’لہٰذا یتیم پر سختی نہ کرو (9) اور سائل کو نہ جھڑکو (10)‘‘، یتیموں کا خیال رکھنا اور سوالی کی ضرورت پوری کرنا، ریاست کے لیے یہ دو باتیں ہی کافی ہیں اور کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، ملک کی 45 فیصد آبادی خط افلاس سے نیچے اور سوالی ہے، حکومت، وزیراعظم اور وزرا نے عوام کی ضرورت کو پورا کردیا تو انہوں نے نبی ﷺ کی سنت پر عمل کیا اور یہی کافی ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ میرے نبی ﷺ میں جتنا صبر اور درگزر تھا کاش وہ میرے اندر بھی آجائے تاکہ مجھے رحم کرنے کا پتہ چلے، جب تک رسول اللہ ﷺکی ساری باتوں کو نہ اپنایا جائے تب تک مذہب پورا نہیں ہوتا، رسول ﷺ نے مذہب کے بارے میں سکھایا ہے کہ میرا دوسرے انسانوں سے تعلق کیا ہو، ملک کی سڑکوں پر صورت حال دیکھ کر تکلیف ہوئی کہ ہم سب ناموس رسالت ﷺ پر جان دینے والے ہیں، لیکن نبی ﷺ کے اسوہ پر عمل نہیں کرتے، جن شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچاتے اور موٹرسائیکل جلاتے ہیں ان کا کیا قصور ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔