یواے ای میں برطانوی طالب علم کو جاسوسی کے الزام میں عمر قید کی سزا

ویب ڈیسک  بدھ 21 نومبر 2018
31 سالہ میتھیو ابو ظہبی کی مقامی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کا طالب علم تھا،فوٹو:فائل

31 سالہ میتھیو ابو ظہبی کی مقامی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کا طالب علم تھا،فوٹو:فائل

ابوظہبی:  متحدہ عرب امارات کی عدالت نے برطانوی طالب علم کو جاسوسی کے الزام میں عمر قید کی سزا سنادی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ابوظہبی کی عدالت نے 31 سالہ پی ایچ ڈی برطانوی طالب علم میتھیو ہیجز کو بیرون ملک کی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنا دی ہے، سزا مکمل کرنے کے بعد ملزم کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

عدالت نے طالب علم کے تمام ریسرچ پیپرز کو عدالتی فیس کی ادائیگی تک ضبط کرنے کا بھی حکم دیا، ملزم ایک ماہ کے اندر فیصلے کے خلاف وفاقی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرسکتا ہے بصورت دیگر ملزم کو فوری طور پر پابند سلاسل کردیا جائے گا۔

ملزم میتھیو درہم یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کا طالب علم ہے اور اسے ایک مقامی شخص کی شکایت پر 5 مئی کو ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔ مقامی شخص نے پولیس کو بتایا تھا کہ طالب علم ملک کی حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ ملزم غیرملکی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کرتا تھا جس کے شواہد مل گئے ہیں۔ ملزم کو ریاست کی جانب سے قانونی مدد فراہم کی گئی جب کہ میڈیکل چیک اپ بھی کرایا گیا اور خاندان کے کسی ایک فرد کو ملنے کی اجازت بھی دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔