اساتذہ کی حاضری سیٹلائٹ نظام سے مانیٹرکرینگےوزیرتعلیم

بنداسکولز کھلوانے اورفنڈزکے استعمال کی جانچ کیلیے مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کافیصلہ


Staff Reporter June 27, 2013
بنداسکولز کھلوانے اورفنڈزکے استعمال کی جانچ کیلیے مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کافیصلہ۔ فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ تعلیم نے سندھ بھر کے اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کوسیٹلائٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹر کرنے کے سلسلے میں ڈپارٹمنٹ میں سیٹلائیٹ مانیٹرنگ یونٹ نصب کرنے اوربند اسکولوں کو کھلوانے کافیصلہ کیاہے۔

جبکہ فنڈز کے درست استعمال اور تعلیمی معیار کی جانچ کیلیے اضلاع اورتحصیلوں کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کافیصلہ کیاگیاہے،یہ فیصلہ تعلیم و خواندگی کے سینئروزیرنثاراحمد کھوڑو کی صدارت میں محکمے کے افسران کے اجلاس میں کیا گیا،اجلاس میں محکمے کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری فضل اللہ پیچوہو ،اسپیشل سیکریٹریز،سندھ بھر کے ای ڈی اوز ، ڈی اوز اور ڈاریکٹراسکولزوکالجز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔



اجلاس میں محکمے کے افسران نے سنیئر وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ تعلیم کے متعلق کسی بھی قسم کی مصلحت اورکسی بھی افسر کی غفلت وکاہلی برداشت نہیں کی جائے گی،کام چاہیے نتائج نہ دینے والے افسران کو ہٹادیا جائے گا،اجلاس میں سینئر وزیر نے محکمہ کے ای ڈی اوز سے ڈپوٹیشن، او پی ایس اور ایڈشنل چارج رکھنے والے افسران کی ضلعی اورتحصیل کی سطح پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے انھیں ہدایت کی کہ اس سے متعلق تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر فراہم کی جائے۔