پاک چین تعلقات بین الاقوامی قوتوں کی آنکھوں میں کھٹکتے ہیں فواد چوہدری

چینی قونصل خانے پر حملہ ایک بڑی سازش کا نتیجہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک November 23, 2018
چینی قونصلیٹ پر حملہ ایک بڑی سازش کا نتیجہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات بین الاقوامی قوتوں کی آنکھوں میں کھٹکتے ہیں۔

قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں، جمعے کے روز قونصل خانے میں ویزا لینے والوں کا رش ہوتا ہے تاہم جس طرح سے پولیس کے جوانوں نے وطن کی حفاظت کے لیے جانیں دیں وہ قابل فخر ہے، جو پولیس اہلکار شہید ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ان کے ساتھ ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کراچی میں چینی قونصل خانے پرحملہ ناکام بنادیا گیا

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام اداروں نے عزم و حوصلے کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے، آج کا حملہ پاکستان اور چین دونوں ممالک پر کیا گیا۔ دورہ چین کے دوران جن معاملات پر بات ہوئی اس پر پوری دنیا کی نظر تھی، پاکستان اور چین کے تعلقات بین الاقوامی قوتوں کی آنکھوں میں کھٹکتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاک چین تعلقات کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہوسکتی

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی قونصل خانے پر حملہ ایک بڑی سازش کا نتیجہ ہے، حکومت اس سازش کے پیچھے چھپی قوتوں کو بے نقاب کرے گی، سوشل میڈیا پر ذمہ داری قبول کرنے والوں کے حوالے سے اطلاعات غیر مصدقہ ہیں۔ اس طرح کے واقعات سے پاکستان اور چین کے تعلقات پر کوئی فرق نہیں آئے گا، سی پیک کو ناکام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جو کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی۔

 

مقبول خبریں