پولیس اہلکار کی فائرنگ سے زخمی پڑوسی عرفان دم توڑ گیا

اہلخانہ کا کالا پل پر میت رکھ کر احتجاج، ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ


Staff Reporter June 29, 2013
کالاپل:پولیس اہلکارکی فائرنگ سے ہلاک نوجوان کے رشتے دار لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: ہزارکالونی میں16روز قبل پڑوسی پولیس اہلکار کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا عرفان دوران علاج دم توڑ گیا۔

مقتول کے اہلخانہ نے کالاپل کورنگی روڈ پر میت رکھ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، پولیس نے مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق ڈیفنس تھانے کی حدود میں کالا پل سے متصل ہزار کالونی سی ایریا میں12جون کو معمولی تنازع پر پڑوسی پولیس اہلکار شفیع نے فائرنگ کرکے22 سالہ نوجوان عرفان ولد حنیف کو زخمی کردیا تھا اور فرار ہوگیا تھا، واقعے سے متعلق ڈیفنس تھانے میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی تھی۔

زخمی عرفان16 روز تک موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز جناح اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، مقتول نجی کمپنی کا ڈرائیور تھا، واقعے کے خلاف مقتول کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کی جانب سے کالا پل کورنگی روڈ پر مقتول کی میت رکھ کا شدید احتجاج کیاگیا اور کورنگی روڈ کو ٹریفک کیلیے بند کر دیاگیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ عرفان کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔



مظاہرین کی جانب سے تقریباً4گھنٹے تک احتجاج کے باعث کالاپل کورنگی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں شدید ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات پیش آئیں، ایس پی کلفٹن سرفراز نواز نے موقع پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ ایک سے دو روز میں ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔

جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا، مظاہرین نے ایکسپریس کو بتایا کہ اگر پولیس نے3 روز تک ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو عرفان کے سوئم کے بعد دوبارہ کالا پل پر احتجاج کیا جائے گا، بعد ازاں عرفان کو معصوم شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، دوسری جانب پولیس نے مقدمے میں نامزد ملزم وکی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔