جھاڑیوں میں لگی آگ سے نظارت دفتر میں کھڑی24گاڑیاں جل گئیں 

کاروں،بسوں، ٹرک اور موٹرسائیکلوں کو شدید نقصان پہنچا،آگ پر قابو پانے میں 4گھنٹے سےزائد کا وقت لگ گیا، فائر بریگیڈ حکام


Staff Reporter June 29, 2013
نظارت کے گراؤنڈ کی جھاڑیوں میں لگنے والی آگ کو فائر بریگیڈ کا عملہ بجھانے میں مصروف ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

گلشن اقبال میں جھاڑیوں میں لگنے والی آگ نظارت آفس تک پہنچ گئی ، جس کے نتیجے میں 24 سے زائدگاڑیاں اور موٹرسائیکلیں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔

اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور 4گھنٹے طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ، تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال میں الہ دین پارک کے قریب نظارت آفس کے باہر جھاڑیوں میں گذشتہ روز آگ لگ گئی ، آگ دیکھتے ہی دیکھتے پھیلتی چلی گئی اور آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے ، تیزہوا کے باعث آگ نظارت آفس میں کھڑی گاڑیوں تک پہنچ گئی، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں کو موقع پر روانہ کیا گیا لیکن آگ تیزی سے بڑھتی چلی گئی ۔



جس پر مزید گاڑیاں طلب کی گئیں ، مجموعی طور پر 6 گاڑیوں اور ایک واٹر بائوزر نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، فائر بریگیڈ حکام نے مزید بتایا کہ آگ کے باعث نظارت آفس میں کھڑی 2 درجن سے زائد گاڑیاں بسیں ، ٹرک اور موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا ، بیشتر گاڑیوں کو جلنے سے بچالیا گیا جبکہ کچھ کو جزوی طور پر بھی نقصان پہنچا ، فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ، فائر بریگیڈ حکام نے مزید بتایا کہ آگ اتنی شدید تھی کہ آگ پر قابو پانے میں 4گھنٹے سے زائد کا وقت لگ گیا ۔