شہید ایس پی طاہر داوڑ کو قتل سے پہلے کئی روز بھوکا پیاسا رکھا گیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ

ویب ڈیسک  بدھ 28 نومبر 2018
پوسٹ مارٹم رپورٹ اسلام آباد پولیس کو دے دی گئی،ذرائع

پوسٹ مارٹم رپورٹ اسلام آباد پولیس کو دے دی گئی،ذرائع

پشاور: افغانستان میں شہید کیے گئے خیبرپختونخوا پولیس کے ایس پی طاہر داوڑ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ قتل کئے جانے سے قبل انہیں کئی دن بھوکا پیاسا رکھا گیا تھا۔

ایس پی طاہر خان داوڑ کی پوسٹ مارٹم  رپورٹ اسلام آباد پولیس کے حوالے کردی گئی ہے جس کے مطابق ایس پی طاہر داوڑ کی موت  لاش ملنے سے چند روز قبل ہوگئی تھی۔ موت کے وقت ان کا معدہ خالی تھا جو یہ ثابت کرتا ہے کہ انہیں کئی روز بھوکا اور پیاسا رکھا گیا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طاہر داوڑ کو فائرنگ کرکے شہید نہیں کیا گیا بلکہ مرنے سے پہلے انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کے جسم پر تشدد کے گہرے نشان تھے جب کہ ان کے بازوؤں اور پیروں کی کئی ہڈیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ طاہر داوڑ کو گزشتہ ماہ اسلام آباد کے علاقے جی ٹین فور سے اغوا کیا گیا تھا اور اغوا کار انہیں افغانستان لے گئے جہاں انہیں بہیمانہ تشدد کرکے شہید کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔