کشمیر کے مظالم دیکھ کر بھارت سے تعلقات کا راستہ کٹھن ہوجاتا ہے فواد چوہدری

کشمیر کے معاملے پر بھارت کو حقیقت پسندانہ رویہ اپنانا ہوگا، وفاقی وزیراطلاعات


ویب ڈیسک November 30, 2018
جذبات اور دل کے راستوں کو فوجیں فتح نہیں کرسکتی، فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مظالم دیکھ کر بھارت سے تعلقات کا راستہ کٹھن ہوجاتا ہے، کشمیر کے معاملے پر بھارت کو حقیقت پسندانہ رویہ اپنانا ہوگا۔

اسلام آباد میں کشمیر سے متعلق ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد میں لاکھوں لوگ سڑکوں پرنکل رہے ہیں کیوں کہ وہ خود دکھی ہیں لیکن بھارت میں بے وقوف سے بے وقوف لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ معاملہ پاکستان کی وجہ سے چل رہا ہے البتہ کشمیر میں پاکستان کی حمایت بہت زیادہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کو تکلیف ہوتی ہے تو درد ہمیں بھی محسوس ہوتا ہے، جب کشمیر سے تصاویر آتی ہیں تو افسوس ہوتا ہے، ہم کشمیر کو علاقے نہیں بلکہ انسانیت کی نظر سے دیکھتے ہیں اور کشمیریوں سے ہمارا دل کا رشتہ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک علاقے کا مسئلہ نہیں، جذبات اور دل کے راستوں کو فوجیں فتح نہیں کرسکتی، گولیوں سے معاملہ حل کرنے کی کوشش میں جذبات مزید ابھریں گے، مودی نے وہاں پیکچ کا اعلان کیا لیکن آزادی پیسوں سے نہیں خریدی جاسکتی جب کہ کشمیر کے مظالم دیکھ کر بھارت سے تعلقات کا راستہ کٹھن ہوجاتا ہے، کشمیر کے معاملے پر بھارت کو حقیقت پسندانہ رویہ اپنانا ہوگا۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ خطے کا مفاد ہے کہ بھارت پاکستان کے تعلقات بہتر ہوں، امن ہوگا تو سب کو فائدہ ہوگا لیکن پاکستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی ہے اور کشیدگی کے باعث سارک کا اجلاس بھی متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی صحافیوں سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا کہ ہمارا اور آپ کا تعلق امن کا ہونا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے