بلوچستان کی زمینی سرحدوں کا دو ملکوں سے ملنا بڑا چیلنج ہے، آئی جی پولیس بلوچستان

ویب ڈیسک  جمعـء 30 نومبر 2018
بلوچستان پولیس چیلنجز سے مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے،آئی جی پولیس بلوچستان۔ فوٹو: فائل

بلوچستان پولیس چیلنجز سے مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے،آئی جی پولیس بلوچستان۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ: بلوچستان کی زمینی سرحدیں ایران اور افغانستان سے ملتی ہیں جو کہ دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ بلوچستان پولیس کے لئے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

بلوچستان کانسٹیبلری کے 88 ویں  بیج کے 313 ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے  کہا کہ صوبے میں  امن و امان کے کئی چیلنجز درپیش ہیں، ٹارگٹ کلنگ دہشت گردی اغواء برائے تاوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں  کے اہلکاروں  پر دہشت گرد حملے ہمارے لئے لمحہ فکریہ تھے جن پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔

آئی جی بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان رقبہ کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جس کی زمینی سرحدیں  ایران اور افغانستان سے ملتی ہیں ہمیں بیرونی خطرات کا بھی سامنا ہے جو کہ دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ بلوچستان پولیس کے لئے بھی ایک بڑا چیلنج ہے تاہم یہ امر باعث اطمینان ہے کہ بلوچستان پولیس ان چیلنجز سے مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔

محسن حسن بٹ نے کہا موجودہ حالات میں پولیس جوان مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے تک لانے کے فعال کردار ادا کررہی ہے۔ بلوچستان پولیس کی قربانیاں  کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،پولیس کی جدید خطوط پر تربیت اور بہتر حکمت عملی کی وجہ سے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں۔

آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا کہ ہم حکومت بلوچستان کے مشکور و ممنون ہیں جنہوں  نے ناگزیر حالات کے باوجود بلوچستان پولیس کو فنڈز فراہم کئے اور سدرن کمانڈ کے بھی شکر گزار ہیں  جنہوں نے پولیس کے جوانوں کو خصوصی تربیت فراہم کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔