جس نے خود کو وزیراعظم تسلیم نہیں کیا قوم اسے کیسے تسلیم کرلے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 دسمبر 2018
سیاستدان ترقی کی بات کرتا ہے لیکن ہمارے وزیراعظم انڈے، مرغیوں کی بات کرتے ہیں، سینئر رہنما پیپلز پارٹی فوٹو:فائل

سیاستدان ترقی کی بات کرتا ہے لیکن ہمارے وزیراعظم انڈے، مرغیوں کی بات کرتے ہیں، سینئر رہنما پیپلز پارٹی فوٹو:فائل

سکھر: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے عمران خان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس نے خود کو وزیراعظم تسلیم نہیں کیا قوم اسے کیسے تسلیم کرلے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جس شخص نے اب تک خود کو وزیراعظم تسلیم نہیں کیا قوم اسے کیسے تسلیم کرلے، وزیراعظم کہتے ہیں کہ ان کی اہلیہ بار بار بتاتی ہیں کہ تم وزیراعظم ہو، طاقت کے مظاہرے سے کبھی معیشت ٹھیک نہیں ہوتی، جیل بھجوادوں گا، لٹکا دوں گا کہنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہی حل ہوتے ہیں۔

خورشید شاہ نے حکومت کے 100 روز پورے ہونے پر وزیراعظم کے مرغیوں اور انڈوں سے متعلق بیان پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان ملک کی ترقی کی بات کرتا ہے اور ریاست مضبوط کرتا ہے، لیکن ہمارے وزیراعظم انڈے اور مرغیوں کی بات کرتے ہیں، پاکستان کا دنیا میں مذاق اڑایا جارہا ہے، چین کی ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری اور بجٹ ہے مگر ہم آج انڈے اور مرغیوں کی بات کرتے ہیں۔

پی پی پی رہنما نے ڈالر کی بڑھتی قیمت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کے سو دن میں ڈالر 142 روپے تک پہنچ گیا ہے اور دسمبر کے آخر تک 145 تک جانے کا امکان ہے، ڈالر کا ریٹ بڑھنے سے ملکی قرضے میں 13 ہزار ارب کا اضافہ ہوگیا ہے۔

خورشید شاہ نے زمین پر قبضے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری کی اراضی سے متعلق مجھ پر غلط الزام لگایا گیا، کوئی شخص ثابت نہیں کرسکتا کہ میں نے کسی کی ایک انچ زمین پر قبضہ کیا ہے، چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ اس معاملے میں مجھے طلب کریں، اگر مجھ پر قبضہ ثابت ہوا تو پھر بحیثیت سیاستدان مجھے سیاست کا کوئی حق نہیں، مجھے 4 کروڑ روپے کا پلاٹ صالح پٹ میں گفٹ ملا وہ میں نے دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔