حیدرآباد، ڈوبنے والے چار بچوں کی تلاش رات گئے معطل، صبح دوبارہ آپریشن شروع ہوگا

ایک روز قبل پانی کے قریب پکنک منانے کے دوران آٹھ سالہ زینب پانی میں ڈوب گئی تھی


ویب ڈیسک August 09, 2026

حیدرآباد:

دریائے سندھ کے تفریح مقام پر فیملی کے ہمراہ پکنک منانے کے دوران ڈوب جانے والی 8 سالہ بچی زینب اور تین دیگر نامعلوم کمسن لڑکوں کی تلاش کا ریسکیو آپریشن رات کی تاریکی اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر عارضی طور پر روک دیا گیا ہے جسے علی الصبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق ایک روز قبل پانی کے قریب پکنک منانے کے دوران آٹھ سالہ زینب پانی میں ڈوب گئی تھی جبکہ اسی دوران مقامی افراد کی اطلاع پر تین دیگر کمسن لڑکوں کے بھی ڈوبنے کی اطلاعات ملیں جن کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر بچوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کیا تھا۔

تاہم رات کی شدید تاریکی اور پانی میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مشکلات کے باعث آپریشن کو عارضی طور پر روکنا پڑا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فضا کے بہتر ہوتے ہی اور علی الصبح سورج نکلتے ہی غوطہ خوروں کی ٹیمیں ایک بار پھر لاشوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا دوبارہ آغاز کریں گی۔