حیدرآباد:
تالاب نمبر 3 بینظیر چوک کی رہائشی 32 سالہ شمائلہ پیرزادہ نے گھریلو اختلافات کے باعث کوٹری بیراج پر دریائے سندھ میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی تاہم ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے انہیں بچا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شمائلہ پیرزادہ کا اپنے شوہر عدیل پیرزادہ سے گھریلو معاملات پر جھگڑا چل رہا تھا۔ خاتون الگ گھر میں رہنے کی خواہاں تھیں لیکن شوہر اس پر راضی نہیں تھا۔
اسی ناراضی میں وہ رکشہ کرائے پر لے کر کوٹری بیراج پہنچیں اور دریا میں کودنے کی کوشش کی۔
رکشہ ڈرائیور کو خاتون کی ذہنی کیفیت پر شبہ ہوا تو اس نے فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا۔
ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور خاتون کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے لیا۔ عملے کے مطابق خاتون شدید پریشانی کی حالت میں تھیں۔
ریسکیو 1122 نے پولیس مددگار 15 پر بھی رابطہ کیا جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور خاتون اور ان کے اہلِ خانہ کے بیانات قلمبند کیے۔
خاتون نے بیان دیا کہ شوہر الگ گھر لے کر نہیں دیتا جس پر تنگ آکر انہوں نے خودکشی کا ارادہ بنا لیا تھا۔
اطلاع ملنے پر خاتون کے شوہر عدیل پیرزادہ اور بھائی بھی کوٹری بیراج پہنچ گئے۔ ریسکیو 1122 اور پولیس کی موجودگی میں فریقین کے درمیان معاملہ افہام و تفہیم سے حل کر دیا گیا۔
بعد ازاں خاتون کو ان کے اہلِ خانہ کے ہمراہ بحفاظت گھر روانہ کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے عملے نے رکشہ ڈرائیور کی بروقت اطلاع اور سمجھداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے بروقت اطلاع نہ دی ہوتی تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔