حکومت سندھ کا 12 ہزار اساتذہ کو مستقل کرنے کا فیصلہ

اساتذہ کے مستقل ہونے کے حوالے سے باضابطہ نوٹی فکیشن آئندہ دو روز میں جاری کردیا جائے گا


ویب ڈیسک December 05, 2018
اساتذہ کے مستقل ہونے کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جمعہ کے روز جاری ہو گا۔ فوٹو:فائل

سندھ حکومت نے این ٹی ایس امتحانات پاس کرکے بھرتی ہونے والے 12 ہزار اساتذہ کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیر تعلیم سردار شاہ کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری تعلیم ، ایڈیشنل سیکریٹری سمیت صوبے کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز بھی شریک تھے۔ اجلاس میں وزیرتعلیم سردار شاہ کو این ٹی ایس پاس اساتذہ کے ریکارڈ کی تصدیق پربریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ بھر سے 15 ہزار پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی اساتذہ نے 2012 میں این ٹی ایس پاس کیا، مجموعی طور پر 14 ہزار 682 این ٹی ایس اساتذہ کا ریکارڈ موصول ہوا جن میں سے 11 ہزار 780 اساتذہ کے ریکارڈ کی تصدیق ہوئی۔

وزیرتعلیم سردار شاہ نے این ٹی ایس امتحانات پاس کرنے والے 12 ہزار اساتذہ کو مستقل کرنے کا اعلان کیا، جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن محکمہ تعلیم سندھ جمعے کے روز جاری کرے گا۔

این ٹی ایس پاس اساتذہ میں جے ایس ٹی، پی ایس ٹی اور ایچ ایس ٹی اساتذہ شامل ہیں، مستقل ہونے والوں میں کراچی کے 1341، شہید بینظیرآباد کے 1464، سکھر کے 1946، لاڑکانہ کے2327، میرپورخاص کے 2052 اور حیدرآباد ریجن کے 2650 اساتذہ شامل ہیں۔