کپل شرما کا اپنی شادی یوٹیوب پر لائیو دکھانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 7 دسمبر 2018
کپل شرما اپنی گرل فرینڈ  گینی کے ساتھ 12 دسمبر کو جھالندر میں شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔ فوٹو: فائل

کپل شرما اپنی گرل فرینڈ گینی کے ساتھ 12 دسمبر کو جھالندر میں شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کی شادی کو صرف اُن کے قریبی دوست اور عزیز اقارب ہی نہیں بلکہ پوری دنیا یوٹیوب پر لائیو دیکھ سکے گی۔

بالی ووڈ میں ویرات انوشکا کی شادی ہو یا دپیکا اور رنویر کی، دونوں جوڑوں نے اپنی شادی کو راز میں رکھنے کے لیے نہ صرف ملک سے باہر شادی کی بلکہ میڈیا کو بھی دور رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی اور شادی میں صرف مخصوص دوستوں کو اور رشتہ داروں کو مدعو کیا۔ لیکن اب اپنے مذاق اور چٹکلوں سے چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے کپل شرما کی شادی اب دنیا بھر میں لائیو دکھائی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق یوٹیوب پر کپل شرما کے آفیشل چینل کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جنہیں کپل شرما کی شادی کا دعوت نامہ موصول نہیں ہوا وہ اب پریشان نہ ہوں کیوں کہ اب کپل کی شادی اور اس سے قبل ہونے والی تقریب کو بھی گھر بیٹھے یوٹیوب پر لائف اسٹریمنگ کے ذریعے دیکھا جاسکے گا۔

جاری کردہ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ کپل کی شادی کو لائیو دیکھنے کے لیے یوٹیوب پر ’کپل شرما کے نائن‘ سرچ کرنے کے بعد چینل کو سبسکرائب کرنا ہوگا جب کہ کپل کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو کا نام بھی دعوت نامے پر مبنی ہے۔

واضح رہے کہ کپل شرما نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا دعوت نامہ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ  گینی کے ساتھ 12 دسمبر کو جالندھر میں شادی کے بندھن میں بندھیں گے اور دونوں کے استقبالیے کی تقریب 14 دسمبر کوہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔