تین ڈالر کا مالک نہ مل سکا، پولیس نے رقم تلاش کرنے والے کو لوٹا دی

ویب ڈیسک  منگل 11 دسمبر 2018
امریکی پولیس نے 14 سال بعد ایک لڑکی کو تین ڈالر کی رقم لوٹا دی جو اسے سڑک سے ملی تھی (فوٹو: فائل)

امریکی پولیس نے 14 سال بعد ایک لڑکی کو تین ڈالر کی رقم لوٹا دی جو اسے سڑک سے ملی تھی (فوٹو: فائل)

نیوجرسی: امریکا میں ایک لڑکی کو 14 سال قبل سڑک سے تین ڈالر ملے تھے جو پولیس نے اسے واپس کردیئے ہیں۔

12 سالہ پیج ووڈی کو مون ماؤتھ بیچ نامی علاقے کی سڑک سے 2004ء میں تین ڈالر ملے تھے اور اس وقت وہ خاتون اسکاؤٹ تھی۔ اپنے فرض کے تحت اس نے یہ رقم قریبی تھانے میں جمع کرادی تھی۔

14 برس بعد ایک روز اس کے دروازے پر دستک ہوئی اور ایک پولیس افسر لفافے کے ساتھ وہاں موجود تھا جسے دیکھ کر وہ کچھ پریشان ہوئی، پولیس نے کہا کہ کیا آپ کو یاد ہے کہ 2004ء میں آپ نے کیا کیا تھا؟ اس پر ووڈی نے جواب دیا کہ اگر میں 2004ء کو یاد کروں تو میں نے ایسا کوئی غلط کام نہیں کیا۔

پولیس افسر نے اسے تین ڈالر یاد دلائے اور اسے رقم واپس کردی۔ ووڈی نے اسے کرسمس کا معجزہ قرار دیا اور کہا کہ اگرچہ اس رقم سے وہ امیر تو نہیں ہوجائے گی تاہم آدھی رقم وہ اپنے دوست جیکی بریڈلے کو ادا کرے گی جو اس وقت اس کے ساتھ تھا۔

اس خبر کے بعد نیوز فور سے بات کرتے ہوئے پولیس سارجنٹ جیف گوڈ وِن نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو دیانت داری سکھانی چاہیے، اس تمام کہانی کا مقصد یہ ہے کہ بچوں کی درست تربیت انہیں دیانت دار بناتی ہے جو انہیں جوانی میں بھی اس اچھائی سے جوڑے رکھتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔