سعد رفیق کی گرفتاری؛ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  منگل 11 دسمبر 2018
ن لیگی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روکنے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، وزیر اطلاعات

ن لیگی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روکنے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، وزیر اطلاعات

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری کا مطلب ہے کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنماوٴں کی گرفتاریوں پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ردعمل میں کہا ہے کہ گرفتاریوں کا مطلب ہے ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری ضمانت منسوخی کے بعد کی گئی ہے، ان گرفتاریوں اور حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روکے جانے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

یہ پڑھیں: نیب نے سعد رفیق اور سلمان رفیق کو گرفتار کرلیا

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ لوگ جن مقدمات میں پکڑے گئے ہیں وہ ہم نے نہیں بنائے، جو حکام انہیں پکڑ رہے ہیں انہیں بھی ہم نے نہیں لگایا، ہم نہ بنانے والوں میں ہیں اور نہ لگانے والوں میں ہیں، جنہوں نے گاجریں کھائیں ان کے پیٹ میں درد ہے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد ہونے پر نیب نے دونوں کو  پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔