فلم ’سمبا‘ کا راحت فتح کی آواز میں گانا ریلیز ہوتے ہی مقبول

ویب ڈیسک  جمعـء 14 دسمبر 2018
3 منٹ 35 سیکنڈ کے گانے کی اس ویڈیو کو محض ایک دن میں 33 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے (فوٹو: فائل)

3 منٹ 35 سیکنڈ کے گانے کی اس ویڈیو کو محض ایک دن میں 33 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے (فوٹو: فائل)

 ممبئی: معروف اداکار رنویر سنگھ اور سارہ علی خان کی فلم ’سمبا‘ میں راحت علی خان کی آواز میں گایا ہوا گانا ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا۔

رنویر سنگھ اور سارہ علی خان کی ایکشن اور رومانس سے بھرپور فلم ’سمبا‘ کے ٹریلر نے جہاں مقبولیت کے کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے تو وہیں فلم کو چار چاند لگانے میں گانے بھی سنگ میل ثابت ہو رہے ہیں۔ اگر گانے ماضی کے گیتوں کے ری میک ہوں تو مقبولیت کے اس بڑھتے گراف کو کوئی نہیں روک سکتا۔

فلم کا پہلا گانا ’آنکھ مارے‘ ری میک کرکے پیش کیا گیا تاہم اب ایک بار پھر راحت کی آواز میں ماضی کا شہرت یافتہ گانا ’تیرے بن نہیں لگدا دل میرا‘ اس فلم میں شامل کیا گیا ہے۔

معروف فلم ساز کرن جوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر فلم ’سمبا‘ کا دوسرا گانا بھی جاری کردیا اور ساتھ ہی انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گانا ’ تیرے بن نہیں لگدا دل میرا ‘ ہر ایک کو بھائے گا۔

فلم ’سمبا‘ میں شہنشاہ قوال اور موسیقی کے بے تاج بادشاہ استاد نصرت فتح علی خان کا گایا ہوا گانا ’تیرے بن نہیں لگدا دل میرا‘ شامل کیا گیا ہے جسے اُن ہی کے شاگر اور دنیا بھر میں آواز کا جادو جگانے والے راحت فتح علی خان نے گا کر شرف حاصل کیا ہے۔

راحت فتح کی سریلی آواز کے ساتھ تنیش باغچی اور آسیس کور نے بھی گانے کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جب کہ گانے کی شاعری رشمی ریواگ نے مرتب کی ہے۔ گانے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 3 منٹ 35 سیکنڈ کے گانے کی اس ویڈیو کو محض ایک دن میں 33 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: فلم ’سمبا‘ کا پہلا گانا ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مقبول

کرن جوہر کے دھرما پروڈکشن کے بینر تلے روہٹ شیٹھی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’سمبا‘ میں رنویر سنگھ اور سارا علی خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم رواں سال 28 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔