فلمیں نہ ملنے پر بپاشا کا ٹی وی شو میں آنے کا فیصلہ

بپاشا باسو امریکن ٹی وی شو ’مین اینف‘ کے ہندی ورژن میں بطور میزبان نظر آئیں گی، بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک December 16, 2018
بپاشا باسو آخری بار 2015ء میں ریلیز ہوئی فلم ’الون‘ میں نظر آئی تھیں (فوٹو: فائل)

نامور بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو جلد ٹی وی شو کی میزبانی کرتی نظر آئیں گی۔

دو برس قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والی نامور اداکارہ بپاشا باسو آخری بار 2015ء میں ہارر فلم 'الون' میں نظر آئی تھیں تاہم شادی کے بعد وہ کسی بڑے پراجیکٹ میں نظر نہیں آئیں۔ میڈیا میں ان کی غیر موجودگی کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ شاید انہیں فلموں میں کام نہیں مل رہا اس لیے وہ بڑے پردے سے دور ہیں تاہم اب بپاشا باسو بہت جلد چھوٹی اسکرین پر ٹی وی شو کی میزبانی کرتی نظر آئیں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بپاشا باسو امریکن ٹی وی شو 'مین اینف' کے ہندی ورژن میں بطور میزبان نظر آئیں گی، جس میں وہ بالی ووڈ کی معروف شخصیات کو مدعو کرکے ان کی نجی زندگی اور ان کے ساتھ پیش آنے والے جنسی ہراسانی کے واقعات وغیرہ سے متعلق سوالات پوچھیں گی۔

علاوہ ازیں بپاشا اپنے شو میں آنے والے مہمانوں سے ان سماجی موضوعات پر بھی بات کریں گی جن کے بارے میں لوگ عموماً عوامی مقامات پر بات نہیں کرتے اور لوگوں میں ان سماجی موضوعات سے متعلق شعور اجاگر کریں گی۔

بپاشا باسو کا کہنا ہے کہ یہ شو کرنے کا بہترین وقت ہے، ابھی تک شو کا کوئی نام فائنل نہیں ہوا تاہم شو اگلے سال کے وسط تک نشر کیا جائے گا۔