اسلامی تعاون تنظیم کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کی مذمت

عالمی برادری کشمیر میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بھارتی دہشت گردی کو بند کرائے، او آئی سی کا مطالبہ


ویب ڈیسک December 17, 2018
بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 11 کشمیری نوجوان کو شہید کردیا تھا۔ فوٹو : فائل

اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں نہتے کشمیریوں کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اسلامی ممالک کی تنظیم 'او آئی سی' نے اپنے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع پلوامہ میں نہتے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی گئی جس نے معصوم کشمیریوں کی جان لے لی۔

او آئی سی نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی اور کشمیری عوام کی امنگوں پر کشمیر کے تنازعے کا مستقل اور پائیدار حل نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔ او آئی سی نے شہید ہونے والے کشمیریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی، 11 نوجوان شہید

قبل ازیں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی عالمی برادری سے کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی میں ظلم وبربریت کی انتہا کرتے ہوئے نہتے کشمیری مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں آٹھویں جماعت کے طالب علم سمیت 11 کشمیری نوجوان نے جام شہادت نوش کی۔