دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے بانی اور سربراہ جینسن ہوانگ کو مبینہ معاشقوں کے اسکینڈل کے بعد بالآخر اپنا عہدہ چھوڑنا پڑگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ کے 33 سالہ کمپنی کی سربراہی کے اختتام کا اعلان خود کمپنی ’’این ویڈیا‘‘ نے اعلان کیا۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی ای او جینسن ہوانگ نے کمپنی کے صدر، چیف ایگزیکٹو اور بورڈ کے رکن کی حیثیت سے فوری طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔
جینسن ہوانگ کے جانشین کے طور پر کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو مستقل جانشین کی تقرری تک عبوری سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
تاہم کمپنی کے باضابطہ اعلان میں استعفے کی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ بورڈ نے ہوانگ کی خدمات کو سراہتے ہوئے مستقل سربراہ کی تلاش شروع کردی ہے۔
این ویڈیا کمپنی کے بانی اور سی ای او جینسن ہوانگ کے حال ہی میں پہلے چینی جاسوس خاتون کے ساتھ اور پھر کمپنی کی ایک اعلیٰ عہدیدار خاتون کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات کی خبریں عالمی میڈیا کی زینت بنی تھیں۔
چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ کے بارے میں امریکی حکام کا کہنا تھا کہ وہ چین کے لیے جاسوسی کرنے کے مشن کے تحت جینسن ہوانگ کے قریب آئی تھیں اور اس کا فائدہ بھی اُٹھایا۔
یاد رہے کہ ان خبروں پر جینسن ہوانگ اپنی اہلیہ اور بچوں سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی بھی مانگی تھی جبکہ کمپنی کے بورڈ نے غیر ملکی خفیہ ادارے سے متعلق خدشات پر آزادانہ تحقیقات شروع کر رکھی تھیں۔
الیکٹریکل انجینیئر جینسن ہوانگ نے 1993 میں ٹیک کمپنی این ویڈیا کی بنیاد رکھی تھی اور ان کی قیادت میں کمپنی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دنیا کی طاقتور ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل ہوگئی۔
تائیوانی نژاد امریکی بزنس ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کی کمپنی این ویڈیا کی گرافکس چپس نے دنیا بھر میں شہرت پائی اور آج کل مصنوعی ذہانت (AI) کی ترقی میں انھی چپس کا بنیادی کردار ہے۔