لو ٹرائی اینگل؛ نئی محبوبہ نے اپنے بوائے فرینڈ کی سابق معشوقہ کو قتل کردیا

مقتولہ کو قاتلہ کے پاس وہی لڑکا لایا تھا جس سے دونوں پیار کرتی تھیں


ویب ڈیسک November 12, 2026
برطانیہ میں لو ٹرائی اینگل کیس میں 16 سالہ لڑکی قتل

برطانیہ میں محبت اور رقابت کے ایک غیر معمولی واقعے میں 16 سالہ لڑکی کو اس کے سابق بوائے فرینڈ کی نئی محبوبہ نے چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق چلو واٹسن ڈرینسفیلڈ کو رواں سال 28 مارچ کو لیڈز کے علاقے آسٹورپ میں چاقو کے پانچ وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔ قاتلہ اور مقتولہ ایک ہی لڑکے بلیک ڈولنگ سے محبت کرتی تھیں۔

بلیک ڈولنگ پر الزام ہے کہ وہ 16 سالہ مقتولہ سے اب تعلقات رکھنا نہیں چاہتا تھا اور وہی چلو کو ٹیکسی میں جائے وقوعہ تک لے کر گیا جہاں 18 سالہ کائلا اسمتھ نے چاقو کے وار کرکے قتل کیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ کائلہ نے حملے سے قبل مقتولہ کو للکارتے ہوئے کہا تھا کہ آؤ پرانی محبت، جبکہ واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی عدالت میں پیش کی گئی۔

لیڈز کراؤن کورٹ میں سماعت کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ قاتلہ کائلا نے واردات سے کچھ دیر قبل اپنے ایک دوست کو پیغام بھیجا تھا کہ وہ چلو کو چاقو مارے گی۔ بعدازاں وہ گھر سے نکل کر مقتولہ کی طرف بڑھی اور اسے للکارا۔

استغاثہ کے مطابق کائلا نے مقتولہ کی گردن اور کمر پر پانچ وار کیے جبکہ آرچی رائکرافٹ نے مبینہ طور پر واقعے کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ حملے کے 37 منٹ بعد ایمبولینس طلب کی گئی اور چلو اسپتال میں دم توڑ گئی۔

کائلا نے چلو کو چاقو مارنے اور اس کی موت کا سبب بننے کا اعتراف کیا ہے تاہم قتل کی نیت سے انکار کرتے ہوئے غیر ارادی قتل کا جرم قبول کیا ہے۔ نوجوان ڈولنگ کو بھی مجرم قرار دیا گیا۔