شاہ رخ جتوئی کا ٹرائل جوونائیل سسٹم کے تحت نہیں ہوا فاروق ایچ نائیک

پیدائشی سرٹیفکیٹ4سال بعدکیوں جاری ہوا؟پولیس سرجن نے عمر18سال قراردی،عدالت


Staff Reporter December 18, 2018
ڈینٹل سرجنزکی رپورٹس کی قانونی اہمیت نہیں،سماعت ملتوی،دلائل جاری رکھنے کاحکم۔ فوٹو: فائل

شاہ زیب قتل کیس کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ شاہ رخ جتوئی کا ٹرائل جوونائیل سسٹم کے تحت نہیں ہوا۔

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو شاہ زیب قتل کیس میں مجرموں کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی، فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وقوعے کے وقت میرے موکل شاہ رخ جتوئی کی عمر 18 سال سے کم تھی، قانون کے مطابق ٹرائل جوونائیل سسٹم کے تحت نہیں ہوا، کم عمر ملزمان کا ٹرائل بھی الگ ہونا چاہیے مگر شاہ رخ جتوئی کا مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں چلایا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے پیدائش کا سرٹیفکیٹ 4 سال بعد کیوں جاری ہوا؟ پولیس سرجن کے مطابق عمر 17 سے 18 سال کے درمیان تھی، 2 ڈینٹل سرجنز کی رپورٹ کا حوالہ دیا گیا مگر وہ میڈیکل بورڈ کا حصہ نہیں تھے۔