میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ مکمل

ویب ڈیسک  بدھ 19 دسمبر 2018
سپریم کورٹ نے 6 ستمبرکو جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دی تھی: فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے 6 ستمبرکو جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دی تھی: فوٹو: فائل

 کراچی: میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کرلی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کرلی، جس کے بعد جے آئی ٹی کے اراکین درجنوں ڈبوں میں موجود دستاویزی شواہد اوررپورٹس کے ہمراہ کراچی اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ 6 رکنی جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اکنامک کرائم ونگ احسان صادق کررہے تھے جب کہ دیگر اراکین میں کمشنر انکم ٹیکس عمران لطیف منہاس، جوائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک ماجد حسین، ڈائریکٹرنیب نعمان اسلم اور ایس ای سی پی کے ڈٓائریکٹر محمد افضل اور آئی ایس آئی میں تعینات بریگیڈیئرشاہد پرویز شامل ہیں۔

ایف آئی اے نے جولائی میں اومنی اور زرداری گروپ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا، 29 بے نامی کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں 35 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کے شواہد ملے تھے جب کہ کمپنی کے مالکان اومنی گروپ میں نچلے درجے کے ملازمین اور کمپنیوں کے وجود سے لاعلم تھے۔

دوسری جانب جے آئی ٹی میں سابق صدر آصف زرداری کی درخواست پرایڈیشنل ڈٓائریکٹرجنرل ایف آئی اے نجف مرزا کو شامل نہ کرنےکی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے وسائل اور زندگی کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر پانامہ کی طرزپرجے آئی ٹی بنانے کی درخواست کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے 6 ستمبرکو جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔