ترجمان پاک فوج کی کراچی میں سڑک پر کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

نوجوانوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور سیلفیاں بنائیں


ویب ڈیسک December 22, 2018
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بیٹنگ کے جوہر دکھائے۔ فوٹو : ٹویٹر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی بغیر پروٹوکول کے کراچی کی سڑکوں پر نوجوانوں کے ہمراہ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رات گئے سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے والے کراچی کے نوجوان اُس وقت خوشگوار حیرت میں ڈوب گئے جب اچانک ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو بغیر پروٹوکول کے اپنے ہمراہ پایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کچھ وقت نوجوانوں کے ہمراہ گزارا، کرکٹ کھیلی اور زوردار شاٹس لگائے۔ نوجوانوں نے سنہری موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ سیلفیاں لیں اور ویڈیوز بنائیں۔

میجر جنرل آصف غفور کے کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور بے پناہ مقبول ہونے والی ویڈیو پر صارفین نے پسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔

سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ روشنی کے شہر کی رونقیں بحال ہوگئیں، سڑک پر نائٹ میچ کھیلنے والے نوجوانوں کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے کرکٹ کھیلنے کا نادر موقع کھونے پر افسوس ہے۔ میں ترکی میں ہوں۔

https://twitter.com/SAfridiOfficial/status/1076295646078996480

ڈی جی آئی ایس پی آر نے شاہد آفریدی کی ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ آپ کی کمی شدت سے محسوس ہوئی لیکن آپ ہوتے تو کوئی مجھے بیٹنگ نہ کرنے دیتا۔ کراچی کے نوجوانوں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔