پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف اسمبلی میں تحریکِ التواء جمع کروادی

ویب ڈیسک  پير 31 دسمبر 2018
تحریکِ التواء کو مسترد کیا تو بھرپور احتجاج کریں گے، خرم شیرزمان - فوٹو: اسکرین گریپ

تحریکِ التواء کو مسترد کیا تو بھرپور احتجاج کریں گے، خرم شیرزمان - فوٹو: اسکرین گریپ

کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف صوبائی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے ایم پی اے خرم شیرزمان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف تحریکِ التوا سیکریٹری سندھ اسمبلی کو جمع کرادی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعلی سندھ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔

تحریک التوا میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ میں کئی مجرمانہ سرگرمیوں کے شواہد دیئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ نے آصف زرداری کے قریبی اومنی گروپ کو فائدہ پہنچایا۔

دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا کہ تحریکِ التواء کو مسترد کیا تو بھرپور احتجاج کریں گے کیوں کہ ایم کیوایم، جی ڈی اے سمیت تمام جماعتیں جے آئی ٹی پر بحث چاہتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔