سندھ دشمن منصوبوں کیخلاف آگاہی مہم شروع کی جائیگی ریاض چانڈیو

کالا باغ ڈیم، ذوالفقار آباد سے صوبہ تباہ ہوجائے گا، سو گھنٹے بھوک ہڑتال بھی ختم کروادی


Numainda Express July 10, 2013
ریاض چانڈیو نے اعلان کیا کہ سندھ کے علاقے تھر میں نکلنے والے کوئلے اور دیگر معدنی وسائل کے حوالے سے سندھ کے باسیوں کو آگاہی دینے کے لیے15 اگست کو پورے سندھ میں آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔

سندھ میں پانی کی قلت، معدنی وسائل پر قبضے اور ذوالفقارآباد منصوبہ کے خلاف قوم پرست جماعت جیے سندھ محاذ (ریاض چانڈیو گروپ) کے تحت نسیم نگر چوک قاسم آباد پر کی جانے والی سو گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال پارٹی چیئرمین ریاض چانڈیو نے ختم کروادی۔

اس موقع پر انھوں نے اعلان کیا کہ سندھ کے علاقے تھر میں نکلنے والے کوئلے اور دیگر معدنی وسائل کے حوالے سے سندھ کے باسیوں کو آگاہی دینے کے لیے15 اگست کو پورے سندھ میں آگاہی مہم شروع کی جائے گی، جب کہ 28 اگست کو سندھ کے معدنی وسائل پر قبضے کے خلاف گمبٹ بائی پاس پر دھرنا دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث سندھ میں پانی کی قلت ہے، نہروں میں پانی نہیں مٹی اُڑ رہی ہے، پانی کی قلت کے باعث سندھ میں زراعت تباہ ہوگئی ہے ۔



زمینیں بنجر بن گئی ہیں لیکن اس کے باوجود حکمران سندھ دشمن منصوبہ کالا باغ ڈیم بنانے کی باتیں کررہے ہیں جس سے سندھ مزید خشک سالی کا شکار ہوجائے گا، جبکہ ٹھٹھہ میں بنایا جانے والا ذوالفقار آباد منصوبہ سندھ دشمن منصوبہ ہے جس کا مقصد صرف سندھ میں رہائش پذیر عوام کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ ماضی کی طرح سندھ دشمن منصوبوں کے خلاف سندھ کے عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔