پی آئی اے نے فضائی میزبانوں کو یکم فروری تک وزن کم کرنے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے نے فضائی میزبانوں ائیر ہوسٹسز کو اپنا وزن کم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی میزبان یکم فروری تک 25 پونڈ وزن کم کریں گی۔
پی آئی اے حکام نے وزن کم کرنے کے حوالے سے سرکلر جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے ضوابط کے مطابق ساڑھے 5 فٹ کے فرد کا وزن 150 پونڈ یعنی 68 کلوگرام سے زائد نہیں ہونا چاہیے۔
ایسی ایئرہوسٹسز جن کا وزن مقررہ معیار سے زیادہ ہے وہ پہلے مرحلے میں 25 پونڈ کم کریں گی۔ حکم نامے کے مطابق اضافی وزن کی حامل ایئرہوسٹسز مارچ میں 20، اپریل میں 15، مئی میں 10 اور جون میں 5 پونڈ وزن کم کریں بصورت دیگر طے شدہ معیار سے زیادہ وزن والی فضائی میزبانوں کو گراؤنڈ کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب وزن کم کرنے کی ہدایت پر عملے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، عملے نے کہا ہے کہ حکام کا یہ سرکلر سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے اگر اسے واپس نہ لیا گیا تو اسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔