سندھ میں اب اوپن لیٹر پر گاڑیاں نہیں چلیں گی

دہشت گردی اور لوٹ مار كے متعدد واقعات ميں اوپن ليٹرگاڑياں استعمال ہو ئی تھيں، ڈی جی ایکسائز


ویب ڈیسک January 02, 2019
گاڑيوں کی ٹرانسفر كے لئے دونوں فريقين کی موجودگی لازمی قرار دينے كا بھی فيصلہ. فوٹو:فائل

سندھ حکومت نے صوبے میں اوپن لیٹر پر گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق دہشت گردی اور لوٹ مار كے متعدد واقعات ميں اوپن ليٹر گاڑيوں كے استعمال ہونے کی رپورٹس كے بعد سندھ حكومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے میں اب اوپن ليٹر گاڑی نہيں چلے گی۔

ڈی جی ايكسائز شبير احمد شيخ كا كہنا ہے كہ 2019 سے گاڑيوں کی ٹرانسفر كے لئے خريدار اور فروخت كرنے والے دونوں كی حاضری لازمی قرار دينے كا فيصلہ كيا گيا ہے، اور اس حوالے سے تجاويز سندھ حكومت كو ارسال كردی ہيں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوری 2019 سے رجسٹريشن كے وقت حاضری كے بعد رجسٹريشن بک كے بجائے اسمارٹ كارڈ كا اجرا بھی شروع ہوجائے گا، رجسٹريشن اسمارٹ كارڈ پنجاب كے مقابلے ميں زيادہ سيكيورٹی فيچرز والا ہوگا اورفيس بھی زيادہ ہوگی۔

ڈی جی ایکسائز نے مزيد بتايا كہ چنگ چی موٹر سائيكل اور لوڈر ز کی رجسٹريشن کی ابھی تک كوئی پاليسی نہيں، صوبائی حکومت کو 25 سال سے پرانی گاڑيوں كا ريكارڈ اور رجسٹريشن ختم كرنے کی بھی تجويز دی ہے۔