کپل شرما کی دھماکے دار واپسی شو کی پہلی ہی قسط نے سب کو پیچھے چھوڑدیا

ناظرین میں مقبولیت کے اعتبار سے کپل شرما کے شو نے ان کے حریف سنیل گروور کو بھی بہت پیچھے چھوڑ دیا


ویب ڈیسک January 03, 2019
کپل کے شو کی پہلی قسط 29 دسمبر کو سونی پر نشر کی گئی تھی فوٹوفائل

معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے شو کی پہلی ہی قسط نے ناظرین کی توجہ اپنی جانب کھینچتے ہوئےسنیل گروور کے شو کو پیچھے چھوڑ دیا۔

جہاں کپل کو کامیڈی کا بادشاہ کہا جاتا ہے وہیں سنیل گروور بھی کامیڈی کے گرو ہیں دونوں کی جوڑی نے کئی سال تک مداحوں کو خوب ہنسایا ہے۔ تاہم 3 سال قبل دونوں کے درمیان ہونے والی لڑائی سے کون واقف نہیں لیکن اب طویل عرصہ گزرنے کے بعد کپل اور سنیل کےدرمیان جمی برف پگھل چکی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کپل کی ٹی وی پر دوبارہ واپسی؛ مداحوں کی نیک تمنائیں

میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما سنیل گروور کے ساتھ معاملات مزید بہتر بنانے کے لیے انہیں اپنے نئے شو ''دی کپل شرما شو''میں کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن سنیل گروور نے کپل کے ساتھ کام کرنے کے بجائے اپنے الگ شو ''کان پور والے کھراناز'' کے ساتھ اسٹار پلس پر انٹری دی۔ شو کی پہلی قسط 15 دسمبر کو نشر کی گئی تھی جب کہ کپل کے شو کی پہلی قسط تقریباً 2 ہفتے بعد 29 دسمبر کو سونی پر نشر کی گئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کپل کے بعد ان کی بیوی کی بھی شوبزمیں انٹری

بھارتی میڈیا کے مطابق کپل کے شو نے آن ایئر ہونے سے پہلے ہی سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی تھی لہٰذا جب شو کی پہلی قسط نشر کی گئی تو شائقین نے کپل کا شو دیکھنے کو ترجیح دی جب کہ سنیل گروور کا شو کپل کے شو کے مقابلے ریٹنگ(درجہ بندی) کے لحاظ سے بھی اچھا نہیں رہا لہٰذا اب سب کی توجہ کپل کے شو اور اس کی ریٹنگ پر ہے۔