بھارتی شہر ممبئی میں ایک تازہ دھمکی آمیز ای میل کے بعد سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ ای میل میں بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کے جوہو میں واقع گھر ’جلسا‘، میئر آفس اور چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بم سے نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق دھمکی ملنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی ٹیموں نے تینوں مقامات کی تلاشی لی، تاہم کوئی مشکوک چیز یا دھماکا خیز مواد نہیں ملا۔
یہ حالیہ واقعہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران موصول ہونے والی دھمکیوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ 6 نومبر کو بھی امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو بم کی دھمکی دی گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے گھر کا معائنہ کیا تھا۔ اس سے پہلے 23 اکتوبر کو موصول ہونے والی ایک ای میل میں میئر آفس، امیتابھ بچن کے گھر اور گلوکار دلجیت دوسانجھ کے 27 نومبر کو مہالکشمی ریس کورس میں ہونے والے کنسرٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
اس ای میل میں ایک اسکول پر دستی بم حملے کی دھمکی بھی شامل تھی، جبکہ امیتابھ بچن کی رہائش گاہ پر 31 اکتوبر سے 27 نومبر کے درمیان ممکنہ حملے کا ذکر کیا گیا تھا۔ بعد کی بعض ای میلز میں بمبئی ہائی کورٹ اور بمبئی اسٹاک ایکسچینج کے نام بھی سامنے آئے۔
ان دھمکیوں کے باعث امیتابھ بچن کی جلسا کے باہر ہر اتوار مداحوں سے ملاقات کی روایت بھی سیکیورٹی خدشات کی زد میں آگئی ہے۔ حالیہ دنوں میں اداکار اپنے مداحوں کو شفاف بلٹ پروف شیلڈ کے پیچھے سے ہاتھ ہلا کر جواب دیتے دکھائی دیے۔ اس موقع پر ان کے بیٹے ابھیشیک بچن اور سیکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے۔ بعد ازاں انہوں نے حفاظتی رکاوٹ کے بغیر بھی مداحوں سے ملاقات کی۔
پولیس دھمکی آمیز ای میلز کے ذرائع کا پتا لگانے اور ان کے باہمی تعلق کی تحقیقات کررہی ہے۔ تاحال تلاشی کے دوران کسی مقام سے دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔