عمران خان کولانے والے آج پچھتارہے ہیں سعد رفیق

سول آمریت کی حکومت سے عوام کی جان جلد چھوٹے گی، رہنما مسلم لیگ(ن)


ویب ڈیسک January 05, 2019
حکومت احتساب کے نام پر انتقام لے رہی ہے، سعد رفیق فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ جو لوگ عمران خان کو لے کر آئے ہیں وہ آج پچھتارہے ہیں۔

لاہور میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، مہنگائی بڑھتی جارہی ہے، عام آدمی کی زندگی عذاب ہے،انشاء اللہ اس سول آمریت کی حکومت سے عوام کی جان جلد چھوٹے گی، پاکستان کا وزیر اعظم کشکول لے کر پوری دنیا میں گھوم رہا ہے، یہ نا اہل حکمران ہے جو اس وقت بھکاری بنا ہوا ہے، جو لوگ عمران خان کو لے کر آئے ہیں وہ آج پچھتارہے ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ حکومت احتساب کے نام پر انتقام لے رہی ہے، ہم نے پاکستان کی خدمت کی ہے، پہلے بھی خدمت کا صلہ جیلوں اور انتقام کی شکل میں دیا جاتا رہا ہے اور آج بھی دیا جارہا ہے، ہمارے ہاتھ صاف اور ضمیر مطمئن ہیں، ہم سر خرو ہو کر نکلیں گے۔

بعد ازاں احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے روبرو خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت ہوئی، نیب نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو عدالت میں پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ میں اضافے کی استدعا کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں 19 جنوری تک توسیع کر دی۔

مقبول خبریں