ٹرمپ نے اپوزیشن کو ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی دے دی

حکومتی شٹ ڈاؤن کے خاتمے اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر سے متعلق مذاکرات بے نتیجہ ختم


ویب ڈیسک January 05, 2019
حکومتی شٹ ڈاؤن کے خاتمے اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر سے متعلق مذاکرات بے نتیجہ ختم (فوٹو : فائل)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیمو کریٹس ارکان کے درمیان حکومتی شٹ ڈاؤن سے متعلق وائٹ ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اپوزیشن جماعت ڈیمو کریٹس کے درمیان حکومتی شٹ ڈاؤن کے خاتمے اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئے۔

دوسری جانب امریکی صدر نے دھمکی دی ہے کہ وہ کانگریس کی منظوری کے بغیر ہی میکسیکو سرحد پر حفاظتی دیوار تعمیر کردیں گے چاہے اس کے لیے انہیں ملک میں ایمرجنسی ہی کیوں نہ نافذ کرنا پڑے۔

قبل ازیں امریکی صدر نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں کئی بار ڈیمو کریٹس کے سینیٹ اور ایوان نمائندگان میں اکثریت میں آجانے پر مالی بحران کے خدشے کا اظہار کرچکا ہوں۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وسط مدتی الیکشن میں ری پبلکن سینیٹ میں اور ڈیمو کریٹس نے ایوان نمائندگان میں کامیابی حاصل کی، ہمارے درمیان جو بھی تنازعات ہیں وہ حل ہوجائیں گے لیکن ڈیموکریٹس کی خواہش میرے مواخذے کی ہے۔



امریکی صدر نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ ڈیمو کریٹس کی میرے مواخذے کی خواہش اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈیمو کریٹس آئندہ صدارتی الیکشن میں ہونے والی ناکامی سے خوف زدہ ہیں جس سے بچنے کے لیے وہ مجھے الیکشن سے دور کرنا چاہتے ہیں۔