عید کیلیے خواتین کی تیاریاں ماہ شعبان سے ہی شروع ہو جاتی ہیں

کپڑے کی خریداری، سلائی، کڑھائی اور میچنگ کے دوپٹوں کیلیے خواتین نہ چاہتے ہوئے بھی بازاروں کے چکر لگانے پر مجبور۔


Staff Reporter July 13, 2013
صدرکے بوہری بازار میں ایک شخص اپنی بچی کے لیے ملبوسات پسند کررہا ہے ۔ فوتو : ایکسپریس

ST JOHN’S: عید کے لیے خواتین کی تیاریاں شعبان سے ہی شروع ہوجاتی ہیں، خواتین کی خریداری میں نئے ڈیزائن اور فیشن کے مطابق ملبوسات اور ان ملبوسات کی میچنگ کے دوپٹوں کی بڑی اہمیت ہے.

موسم کی مناسبت سے کپڑے کی خریداری، سلائی کڑھائی اور میچنگ کے دوپٹے کی خریداری کا عمل ہی اتنا طویل ہے کہ خواتین نہ چاہتے ہوئے بھی بازاروں کے چکر لگانے پر مجبور ہوجاتی ہیں، اس سال کاٹن، لینن اور لان بنانے والی کمپنیوں نے عید کے لیے خصوصی ڈیزائن متعارف کرائے ہیں اور شہر کے لگ بھگ تمام بڑے شاپنگ سینٹرز اور بازاروں میں قائم آؤٹ لیٹس پر مشہور کمپنیوں کی ڈیزائنر لان کی بہار نظر آرہی ہے۔

کراچی میں خواتین کے ملبوسات کی خریداری کے اہم مراکز حیدری مارکیٹ، جامع کلاتھ، پاپوش مارکیٹ، بہادرآباد، طارق روڈ، کلفٹن، حبیب کلاتھ ڈیفنس مارکیٹ میں قائم ہیں جہاں عید کے لیے خواتین کے بغیر سلے ہوئے ملبوسات کی فروخت شعبان سے ہی عروج پر پہنچ چکی ہے، خواتین کے بغیر سلے ملبوسات کی فروخت شعبان سے شروع ہوکر رمضان کے پہلے عشرے تک جاری رہتی ہے جس کے بعد زیادہ تر ریڈی میڈ ملبوسات فروخت کیے جاتے ہیں، اس سال بٹن، شیشے، اسٹون، پرل اور ہاتھ کی کڑھائی کے کام کے ساتھ بمع شیفون کے بازو اور دوپٹہ کے سوٹ کا فیشن ان ہے، لمبی ائیرلائن شرٹ بمع ٹراؤزر، چھوٹی شرٹ کیلیے پلازو اور بند چاک کی ائیر لائن شرٹ اور فراک کے ساتھ چوڑی دار پاجامہ بھی خواتین میں بے حد مقبول ہے، پرنٹنڈ لان سوٹ میں بھی آستین، قمیص کے آمنے سامنے اور گلے پر خصوصی ڈیزائن پرنٹ کیے جارہے ہیں۔



اس سال بھی شوخ رنگ زیادہ پسند کیے جارہے ہیں جن میں مہرون،سیاہ،آتشی اور جامنی رنگ استعمال میں زیادہ ہیں جبکہ ہلکے رنگوں میں گلابی، آسمانی، طوطیہ، سفید، لیمن اور ناشپاتی رنگ زیادہ پسند کیے جارہے ہیں،پوش مارکیٹوں میں اونچے طبقے کی خواتین کیلیے پرنٹڈ لان میں بہت خوبصورت ڈیزائنگ میں ملبوسات موجود ہیں جس میں کڑھے ہوئے بنچ قمیض کے آگے اور پیچھے لگے ہوئے ہیں اور ایک سے بڑھ کر ایک کوالٹی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔

جس میں ایک ایک لباس کی قیمت5000سے10000تک ہیںلیکن متوسط طبقے کی خواتین کو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اعلیٰ کوالٹی کے خوبصورت اور مہنگے ملبوسات کی دوسری کاپی بھی 3000 سے لیکر5000تک کی مناسب قیمت میں مارکیٹوں میں موجود ہیں اور پرنٹڈ لان میں خوبصورت بنچ کے علاوہ بنچ ہی کی صورت میں ڈیزائن بنے ہوئے ہیں جو دور سے ایک کڑھے ہوئے خوبصورت بنچ ہی کی مشابہت دیتے ہیں۔