کرینہ کپورمیری رول ماڈل ہے کرشمہ کپور

اپنی والدہ سے بھی بہت متاثر ہوں جنہوں نے ہماری اتنی اچھی پرورش کی، کشمہ کپور


ویب ڈیسک January 16, 2019
کرشمہ کپور اور کرینہ کپور خان کے درمیان 6 سال کا فرق ہے فوٹوفائل

بالی ووڈ کی ماضی کی کامیاب اداکارہ کرشمہ کپور کا کہنا ہے کہ ان کی چھوٹی بہن کرینہ کپور خان ان کی رول ماڈل ہیں۔

اداکارہ کرشمہ کپورنے اپنی چھوٹی بہن اور بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کرینہ کپورخان کے ریڈیو شو عشق 104.8 ''وہاٹ وومن وانٹ ود کرینہ کپورخان'' میں شرکت کی جہاں انہوں نے کرینہ کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کہ ان کی رول ماڈل کون ہیں کا بہت دلچسپ جواب دیا اورکہا کہ میری رول ماڈل تم ہو۔

کرشمہ نے کہا ہم دونوں کا تعلق ایک ہی پیشے سے ہے، ہم دونوں ایک دوسرے کی طاقت ہیں، کرینہ کے علاوہ میں اپنی والدہ سے بھی بے حد متاثرہوں جنہوں نے ہم دونوں بہنوں کی اتنی اچھی پرورش کی۔

شوبزسے منسلک رہنے کے بارے میں کرشمہ نے کہا کہ شوبز سے جڑے رہنے کا کوئی فارمولا نہیں، میں نے فلم انڈسٹری کو کئی برس دئیے ہیں اور میرے نظریے کے مطابق مختلف چیزیں کرتے رہنے سے آپ شوبز سے جڑے رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ کرشمہ کپور نے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز تقریباً 28 سال قبل فلم ''پریم قیدی''سے کیا تھا اس کے بعد وہ متعدد کامیاب فلموں میں نظر آئیں تاہم وہ آخری بار 2012 میں فلم ''ڈینجرزعشق'' میں نظر آئی تھیں جس کے بعد انہوں نے فلموں سے بریک لے لیا۔