وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست کی جلد سماعت کی استدعا منظور

ویب ڈیسک  بدھ 16 جنوری 2019
 عمران خان نے اپنی بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہرنہیں کیا فوٹو: فائل

عمران خان نے اپنی بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہرنہیں کیا فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست کی جلد سماعت کی استدعا منظور کرلی ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب  پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزارنے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے اپنی بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہرنہیں کیا جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ آپ کی درخواست کس کے متعلق ہے، کیا آپ نے الیکشن لڑا ہے جس پر درخواست گزارنے کہا کہ نہیں الیکشن نہیں لڑا لیکن ان کے حلقے کا ووٹر ہوں۔  سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو کسی کا ذاتی معاملہ ہے کورٹ کیسے اس میں مداخلت کرسکتی ہے۔

عدالت نے متفرق درخواست منظورکرتے ہوئے کیس کل سماعت کے لئے مقررکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جمعرات کو دلائل طلب کرلئے اور ریمارکس دیئے کہ مطمئن کریں کہ آپ کی درخواست قابل سماعت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔