پاکستانیوں کے دنیا بھر میں 50 ہزار بینک اکاؤنٹس کی کھوج لگا لی ایف بی آر کا دعویٰ

اگلے دو سال میں کسی کے لئے بیرون ملک بنکوں میں اکاونٹ رکھنا ممکن نہیں ہوگا، ایف بی آر ممبر


ویب ڈیسک January 16, 2019
ٹیکس چوروں کے بیرون ملک اکاؤنٹس کی مزید تفصیلات ملنے کا امکان ہے، ایف بی آر ذرائع۔ فوٹو: فائل

ایف بی آر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانیوں کے 50 ہزار بینک اکاؤنٹس کا ڈیٹا مل گیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ٹیکس نادہندگان کی شامت آگئی ہے، ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کے بیرونِ ملک اکاؤنٹس کی تفصیلات کا پہلا مرحلہ شروع کردیا ہے اور پاکستانیوں کے غیرملکی بینکوں میں موجود 50 ہزار اکاؤنٹس کی کھوج بھی لگا لی ہے۔

ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ او ای سی ڈی کے تحت معلومات ملنا شروع ہو گئی ہیں، معلومات خفیہ رکھنے کے پابند ہیں، تاہم اتنا بتادیں کہ پہلے مرحلے میں دنیا بھر سے 50 ہزار بینک اکاؤنٹس کا ڈیٹا مل گیا اور ٹیکس چوروں کے بیرون ملک اکاؤنٹس کی مزید تفصیلات ملنے کا امکان ہے۔

ایف بی آر ممبر کے مطابق پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس اسپین، اٹلی، فرانس، جرمنی اور دیگر ممالک میں ہیں، اور زیادہ تر افراد کا تعلق کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ہے۔ اگلے دو سال میں کسی کے لئے بیرون ملک بنکوں میں اکاونٹ رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

ممبر ایف بی آر نے بتایا کہ دبئی میں 537 افراد کی ایک ہزار 365 جائیدادوں کی تحقیقات کیں، جن میں سے 38 ارب مالیت 867 پراپرٹی ثابت کی جاسکیں۔ دبئی میں 316 افراد نے ایمنسٹی اسکیم میں پراپرٹی قانونی بنائی، اور اسکیم میں ایک ارب 20 کروڑ کا ٹیکس ملا۔