2019 بالی ووڈ میں سنجے دت کا سال

رواں سال سنجے دت کی6 فلمیں’’پرستھانم‘‘، ’’تربوز‘‘،’’پانی پت‘‘، ’’شمشیرا‘‘، ’’سڑک2‘‘اور ’’کلنک‘‘ ریلیز کی جائیں گی


ویب ڈیسک January 24, 2019
جیل سے رہا ہونے کے بعد سنجے دت کے رویے میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے وہ پہلے سے زیادہ دوستانہ ہوگئے ہیں فوٹوفائل

سنجو بابا کے مداحوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ 2019 میں سنجے دت کی ایک دو نہیں پوری 6 فلمیں ریلیز ہورہی ہیں۔

بالی ووڈ میں جہاں شاہ رخ، سلمان اورعامر خان نے سال میں صرف ایک یا دوفلمیں دینے کا فارمولا اپنایا ہوا ہے وہیں بالی ووڈ کے سنجو بابا رواں سال 6 فلمیں دینے کی تیاریوں میں ہیں۔

تین برس قبل جیل سے رہا ہونے کے بعد سنجے دت کی صرف دو فلمیں''بھومی'' 2017 میں اور''صاحب بیوی اور گینگسٹر3'' 2018 میں ریلیز ہوئی تھیں، لیکن یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر خاص کامیابی حاصل نہیں کرسکیں۔ تاہم گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ''سنجو'' نے سنجے دت کے کیریئرکو ایک بار پھر آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، گو کہ اس فلم میں سنجے دت کے بجائے رنبیر کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا لیکن فلم''سنجو'' کا منابھائی کی شخصیت کے تاثر کو بہترکرنے میں بہت بڑا ہاتھ ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اصلی ''سنجو'' بناتا تو لوگ سنجے دت سے نفرت کرتے

اور اب سنجے دت بالی ووڈ کے سب سے مصروف اداکار بن گئے ہیں جن کی رواں سال 6 فلمیں''پرستھانم''، ''تربوز''،''پانی پت''، ''شمشیرا''، ''سڑک2'' اور ''کلنک'' ریلیز کی جائیں گی۔ ان فلموں میں سنجے دت سیاستدان، آرمی آفیسر اور افغانی کنگ کے کرداروں میں نظر آئیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جیل سے رہا ہونے کے بعد سنجے دت کے رویے میں کافی تبدیلی آئی ہے وہ پہلے سے زیادہ دوستانہ اوراپنے کام کو لے کر سنجیدہ ہوگئے ہیں اس کے علاوہ وہ کوشش کرتے ہیں کہ سیٹ پر دوستانہ ماحول بنا رہے۔