بالی ووڈ اداکار رضامراد کا روحی بانو کو خراج عقیدت

ہم نے ایک بہت ہی عظیم فنکارہ کو کھویاہے، جن کا نعم البدل تقریباً ناممکن ہے، رضامراد


ویب ڈیسک January 27, 2019
روحی بانو کاانتقال یقیناً ایک قومی المیہ اور قومی سانحہ ہے۔ رضامراد فوٹوفائل

بالی ووڈ کے نامور اداکار رضا مراد نے پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ روحی بانو کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ایک عظیم فنکارہ کو کھودیا ہے۔

پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ روحی بانو کے چاہنے والے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی موجود ہیں۔ روحی بانو کے انتقال پر جہاں پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے گہرے دکھ اورغم کا اظہار کیا وہیں بالی ووڈ کے معروف اداکار رضامراد نے بھی روحی بانو کوخراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارہ روحی بانو استنبول میں امانتاً سپرد خاک

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں رضا مراد روحی بانوکے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے ''میں نے روحی بانو کے ان گنت ڈرامے دیکھے ہیں، لونگ پلے، ''کانچ کا پُل''، ''زرد گلاب''، ''قلعہ کہانی''، ''حیرت کدہ'' اور ان کا آخری ڈراما ''ایک اورعورت''۔ روحی بانو کا انتقال یقیناً ایک قومی المیہ اور قومی سانحہ ہے۔ ہم نے ایک بہت ہی عظیم فنکارہ کو کھویا ہے، جن کا نعم البدل تقریباً ناممکن ہے۔''

https://twitter.com/aonhussain/status/1089245836498948096

واضح رہے کہ روحی بانو دو روز قبل 67 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعدانتقال کرگئی تھیں، اداکارہ روحی بانو موت سے 10 روز قبل سے وینٹی لیٹر پر تھیں، ان کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے جب کہ وہ ذہنی امراض میں بھی مبتلا تھیں۔ 10 سال قبل اداکارہ روحی بانو کے اکلوتے بیٹے کو لاہور میں قتل کردیاگیا تھا جس کے بعد وہ ذہنی طور پر بیمار ہوگئی تھیں۔

مقبول خبریں